سنگاریڈی میں ترقیاتی منصوبہ بندی شعور بیداری اجلاس، نرملا جگاریڈی کا خطاب
سنگاریڈی 12 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ 99 یومی عوامی حکمرانی اور ترقیاتی منصوبہ بندی پروگرام کے اغراض و مقاصد سے عوامی نمائندوں کو واقف کروانے ضلع انتظامیہ کی جانب سے خصوصی بیداری اجلاس سنگاریڈی میں منعقد کیا گیا جس میں ضلع سنگاریڈی کے چیرمین، وائس چیرمین بلدیات، گرام پنچایت سرپنچ اور بلدیہ کونسلرس اور دیگر نے شرکت کی۔ ایل این کنونشن ہال میں منعقدہ اس اجلاس میں ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسِمہا اور ٹی جی آئی آئی سی چیرپرسن نرملا۔جگا ریڈی، ضلع کلکٹر پراوینیا اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر نرملا جگاریڈی چیرپرسن ٹی جی آئی آئی سی نے مخاطب کرتے ہوے کہا کہ کانگریس حکومت حقیقی معنوں میں عوام کی حکومت ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ہر مستحق فرد تک سرکاری فلاحی اسکیمات کے فوائد پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کی اسکیمات کو گھر گھر تک پہنچانے کے لیے بھرپور کوشش کریں۔ حکومت کی بیشتر اسکیمات خواتین کے نام پر منظور کی جا رہی ہیں اور کانگریس حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔اس اجلاس میں کونا ونیتا چیرپرسن بلدیہ، حافظ شیخ شفیع وائس چیرمین بلدیہ سنگاریڈی کے علاوہ ضلع کے سرپنچس اور کونسلرس موجود تھے۔ اجلاس کے بعد میڈیکل کالج سنگاریڈی کے نرسنگ کالج کے طلبہ کے لیے توشیبا کمپنی نے اپنے سی ایس آر فنڈ کے تحت ایک بس فراہم کی۔ اس بس کا افتتاح وزیر دامودھر راج نرسمہا اور ٹی جی آئی آئی سی چیرپرسن نرملا جگاریڈی نے ضلع کلکٹریٹ کے احاطہ میں انجام دیا۔ محکمہ ہارٹیکلچر نے کسانوں میں زرعی آلات اور ٹریکٹر تقسیم کئے۔