حیدرآباد،28 جولائی (سیاست نیوز)سابق مرکزی وزیر جئے پال ریڈی کی آخری رسومات پیر کو نیکلس روڈ پرادا کی جائیں گی۔پیر کی صبح 9بجے ان کی قیام گاہ سے ارتھی جلوس نکالا جائے گا جو 12بجے دن پارٹی ہیڈ کوارٹرس گاندھی بھون پہنچے گاجہاں عوام کو اپنے محبوب قائد کا آخری دیدار کا موقع دیا جائے گا۔ سیاسی قائدین اہم شخصیات ان کو خراج پیش کریں گے ۔بعد ازاں یہ جلوس پی وی نرسمہا راؤ گھاٹ نیکلس روڈ پہنچے گا جہاں ان کی آخری رسومات انجام دی جائیں گی۔اسی دوران چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤنے ہدایت دی ہے کہ جئے پال ریڈی کی آخری رسومات سرکاری اعزازات کے ساتھ انجام دی جائیں۔اس سلسلہ میں انتظامات کرنے کی انہوں نے چیف سکریٹری ایس کے جوشی کو ہدایت دی جس کے بعد ریاستی انتظامیہ متحرک ہوگیا اور تمام ضروری انتظامات کا آغاز کردیا گیا۔
