سرکاری اعزازات کے ساتھ منموہن سنگھ کی آخری رسوم ادا کی گئیں

,

   

صدر جمہوریہ ‘ نائب صدر ‘ وزیراعظم ‘ مرکزی وزراء ‘ کانگریس صدر اور قائد اپوزیشن و دیگر نے شرکت کی

نئی دہلی :سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کا ہفتہ کو یہاں نگم بودھ گھاٹ پر سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی گئیں اور ان کا جسد خاکی پنچ تتومیں ضم ہوگیا۔صدرجمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، اسپیکر لوک سبھا اوم برلا، بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسر نامگیل وانگچک، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو، بی جے پی صدر اور مرکزی وزیر جے پی نڈا، چیف منسٹر دہلی آتشی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے ، کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر سونیا گاندھی، قائد اپوزیشن راہول گاندھی، پرینکا گاندھی، تینوں مسلح افواج کے سربراہوں کے ساتھ کئی مرکزی وزراء، سفارت کاروں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔قبل ازیں ان کے جسد خاکی کو کانگریس ہیڈکوارٹر میں آخری درشن کیلئے رکھا گیا تھا جہاں ان کے ارکان خاندان کے ساتھ کانگریس لیڈروں نے خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد ان کے جسد خاکی کو قافلے کے ساتھ نگم بودھ گھاٹ لایا گیا۔ ان کے آخری سفر کیلئے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے ، لیکن نگم بودھ گھاٹ پر سخت حفاظتی انتظامات کی وجہ سے جو لوگ کانگریس ہیڈکوارٹر سے شو یاترا میں تقریباً 11 کلومیٹر پیدل چل کر گھاٹ پر پہنچے انہیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر سنگھ کا 92 سال کی عمر میں 26 دسمبر کی رات دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں انتقال ہوگیا تھا۔ ڈاکٹر سنگھ 2004 سے 2014 تک دو بار ملک کے وزیر اعظم رہے ۔ اس سے قبل 1991 میں پی وی نرسمہا راؤ حکومت میں وزیر خزانہ کی حیثیت سے انہوں نے ملک میں آزادانہ اقتصادی اصلاحات نافذ کیں، جس سے ملک کی معیشت کو نئی بلندی اور استحکام حاصل ہوا۔ وہ 1971 میں حکومت ہند کی وزارت تجارت میں اقتصادی مشیر، 1972 میں وزارت خزانہ میں چیف اکنامک اڈوائزر اور 1980 سے 1982 تک پلاننگ کمیشن کے رکن بنے ۔

بھوٹان کے بادشاہ اور ماریشس کے وزیر خارجہ نے منموہن کی آخری رسومات میں شرکت کی
نئی دہلی :بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسر نامگیل وانگچک اور ماریشس کے وزیر خارجہ دھننجے رام پھل نے آج دہلی کے نگم بودھ گھاٹ پر سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ شاہ بھوٹان نے وزیراعظم مودی اور امیت شاہ سمیت سینئر وزراء کے ساتھ آخری رسومات میں شرکت کی۔ زیر اعظم ماریشس نوین چندر رامگولم نے پورٹ لوئس میں ہندوستانی ہائی کمیشن میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی یاد میں ایک تعزیتی کتاب پر دستخط کیے ۔ احترام کے طور پر، ماریشس کی حکومت نے آج تمام قومی پرچموں کو نصف بلندی پر رکھنے کی ہدایت دی ہے ۔