عہدیداروں کو جگن موہن ریڈی کی ہدایت، ٹیکہ اندازی پر توجہ کا مشورہ
حیدرآباد۔28 ۔جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کورونا کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ امکانی تیسری لہر کے پیش نظر چوکسی برقرار رکھیں اور ٹیکہ اندازی کی مہم میں شدت پیدا کی جائے ۔ چیف منسٹر نے تیسری لہر سے نمٹنے کے اقدامات پر عہدیداروں سے تفصیلات طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں آکسیجن کی سربراہی اور دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پرائمری ہیلت سنٹرس میں آکسیجن کنسنٹریٹرس کی فراہمی کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ 100 بستروں والے تمام دواخانوں میں آکسیجن جنریشن پلانٹس قائم کئے جائیں۔ حکومت کی جانب سے خانگی دواخانوں کو 30 فیصد سبسیڈی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ نئے میڈیکل کالجس کے لئے اراضی کی فراہمی کا عمل تیز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مئی ، جون اور جولائی کے دوران خانگی دواخانوں کو کورونا ویکسین کی 43.38 لاکھ خوراک فراہم کی گئی تھی لیکن دواخانوں نے صرف 5 لاکھ 24 ہزار 347 خوراک سے استفادہ کیا۔ حکومت سرکاری سطح پر نئے میڈیکل کالجس کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں کورونا کے کیسس میں کمی کے باوجود حکام کو چوکسی برقرار رکھنی چاہئے۔