دکن پروفیشنلس کنسلٹنسی کا قیام ، جناب ظہیر الدین علی خاں اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔22 ۔جولائی (راست ) حیدرآباد و تلنگانہ میں پہلی مرتبہ سنگل ونڈو سسٹم طرز پر تمام پروفیشنل بشمول چارٹرڈ اکاونٹنٹ ، سیول میٹرس، وکلاء ، تجارتی و صنعتی کنسلٹنٹس و دیگر کے علاوہ مختلف محکمہ جات سے سبکدوش افراد شامل ہیں۔ ان تمام کو ایک پلیٹ فارم پر دکن پروفیشنل کنسلٹنسی (ڈی پی سی) کی جانب سے یکجا کیا گیا ۔ کسی بھی سرکاری و غیر سرکاری امور لائسنس ، سرٹیفکٹس ، پرمیشن ، این او سی کے حصول کے لئے گھر بیٹھے ، اپنے کنسلٹنٹ یا وکیل کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں ۔ یہ سرویس حیدرآباد ، تلنگانہ کے اضلاع ، بطور خاص غیر مقیم ہندوستانیوں کے لئے مفید ثابت ہوگی ۔ اس ضمن میں ویب سائیٹ کا احیاء عمل میں لایا گیا جس کا افتتاح جناب ظہیر الدین علی خاں مینجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ تقریب کی صدارت جناب محمد معین الدین صدر ایف ٹی سی نے کی ۔ جناب ماجد انصاری چیف اگزیکیٹیو آفیسر ڈی پی سی نے خیرمقدم کیا۔ جناب ظہیرالدین علی خان نے کہا کہ اقلیتوں میں حکومتی سطح پر معلومات کی لا علمی کی بناء انہیں بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بطور خاص ان مشکلات میں این آر آئی بھی شامل ہیں جو بیرون ممالک میں مقیم رہنے کی وجہ سے برداشت کررہے ہیں۔ اپنے کاموں کے لئے خاص رقم خرچ کرنے کے باوجود ان کے ضروری کاموں کی تکمیل نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے پروفیشنل کنسلٹنسی کے پیانل کو مشورہ دیا کہ واجبی فیس پر کام انجام دیں۔ جناب ماجد انصاری نے عوام بطور خاص این آر آئی کو مشورہ دیا کہ مرکزی حکومت یا ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات (بلدیہ ، ریونیو ، انکم ٹیکس، تعلیمات ، اسمال اسکیل انڈسٹریز کے علاوہ مختلف بزنس لائسنس و امپورٹ لائسنس کے لئے استفادہ کریں ۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے پروفیشنل کنسلٹنسی ڈی پی سی نے ایک ویب سائیٹ
www.deccanprfessionalconsultants.com
کا احیاء عمل میں لایا گیا۔ مسٹر اے وی رگھونند راؤ چارٹرڈ اکاؤنٹ نے کہا کہ پہلی مرتبہ تمام پروفیشنل کو یکجا کر کے سرکاری امور کو انجام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کنسلٹنسی نے تمام امور کو انجام دینے والے ماہرین ایڈوکیٹس ، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ، ریٹائرڈ پروفیشنلس کو یکجا کیا ہے۔ جناب جی سرینواس سابق ڈپٹی ڈائرکٹر انڈسٹریز ڈپارٹمنٹ حکومت تلنگانہ نے عوام کو مشورہ دیا کہ صنعتوں کے قیام کے لئے حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات سے فائدہ اٹھائیں ۔ جناب محمد معین الدین صدر ایف ٹی سی نے صدارتی خطاب میں کہا کہ دکن پروفیشنلس کنسلٹنس نے بڑے کام کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے اس بات کی امید ظاہر کی کہ دکن کنسلٹنسی اندرون و بیرون ممالک مقیم این آر آئی کی خدمت کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی ۔ جناب محمد عبدالحی انصاری نے تقریب کی نظامت کی اور شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر جناب سید بشیرالدین سابق ڈپٹی کلکٹر جناب سرینواسلو سابق رجسٹرار نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی۔