حیدرآباد ۔14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ سرکاری اور غریبوں کو الاٹ کردہ اراضیات کا تحفظ کیا جائے گا۔ سرکاری اراضیات کے تحفظ کیلئے جامع ایکشن پلان تیار کیا گیاہے۔ غیر مجاز قابضین کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن میں شفافیت پیدا کرنے کیلئے اصلاحات پر عمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو الاٹ کردہ اراضیات پر قبضوں کی برخاستگی کے ذریعہ دوبارہ اراضی غریبوں کے حوالے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں حکومتوں کی جانب سے غریبوں کو جو اراضی الاٹ کی گئی، ان میں بیشتر پر ناجائز قبضے ہیں۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت ہمیشہ غریبوں کی بھلائی کے حق میں ہے اور محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن میں بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کو محض آمدنی کا ذریعہ تصور نہیں کرتی بلکہ اسے عوامی خدمت کا مرکز بنائے گی۔ گزشتہ دو برسوں میں کئی اصلاحات پر عمل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ غریبوں کی اراضیات کو فروخت کرتے ہوئے حکومت آمدنی حاصل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتی۔ وزیر مال نے کہا کہ محکمہ کیلئے انٹیگریٹیڈ دفاتر کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ پہلے مرحلہ میں آوٹ رنگ روڈ کے حدود میں انٹیگریٹیڈ کامپلکس تعمیر کئے جائیں گے۔ دوسرے مرحلہ میں ضلع ہیڈ کوارٹرس اور تیسرے مرحلہ میں اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر دفاتر کی تعمیر عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، میڑچل اور سنگا ریڈی میں واقع 39 سب رجسٹرار دفاتر کو 12 علحدہ کلسٹرس میں تبدیل کیا گیا ہے۔ حکومت نے خانگی بلڈرس کے ذریعہ 12 انٹیگریٹیڈ دفاتر کو ترقی دی ہے۔1