گاڑیوں کے رجسٹریشن کی اجازت، شہری اور دیہی علاقوں میں رجسٹریشن کی گائیڈ لائنس
حیدرآباد : لاک ڈاؤن کے سبب سرکاری خزانہ کے نقصانات کو کم کرنے حکومت نے محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن اور ٹرانسپورٹ کی کارکردگی کا آج سے احیاء کیا ہے۔ اراضیات کے رجسٹریشن کے سلسلہ میں محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کی جانب سے گائیڈ لائنس جاری کی گئیں۔ دھرانی پورٹل پر زرعی اراضیات کے رجسٹریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سلاٹ بکنگ کے ذریعہ تحصیلدار کے دفتر میں رجسٹریشن کی خدمات حاصل رہیں گی۔ صبح 9 بجے سے دوپہر ایک بجے تک رجسٹریشن کرایا جاسکتا ہے۔ گائیڈ لائنس کے مطابق رجسٹریشن کے لئے آنے والے افراد کو ماسک کے استعمال کے علاوہ سماجی دوری کو برقرار رکھنا ہوگا۔ غیر زرعی اراضیات کے رجسٹریشن کے لئے بھی سلاٹ بکنگ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ایک سب رجسٹرار آفس میں روزانہ 24 سلاٹ بُک کئے جائیں گے۔ ایسے دفاتر جہاں 2 سب رجسٹرار موجود ہوں، وہاں 48 سلاٹ کی بُکنگ کی جائے گی۔ خریدار اور فروخت کنندہ شخص کے علاوہ دو گواہوں کے لئے آن لائن پاس جاری کئے جائیں گے۔ دیگر افراد کے لئے داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ واضح رہے کہ ریاست میں نائٹ کرفیو کے نفاذ کے بعد سے سرکاری خزانہ کی آمدنی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ حکومت کے خزانہ میں آمدنی کے اہم ذرائع اکسائز اور اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن ہیں۔ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد سے حکومت نے رجسٹریشن کا عمل روک دیا تھا جس کے نتیجہ میں رئیل اسٹیٹ تاجرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف گوشوں سے حکومت کو نمائندگی کی گئی کہ اراضیات کے رجسٹریشن کی سہولت بحال کی جائے۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ رجسٹریشن کے لئے جانے والے افراد کو دستاویزات کی بنیاد پر اجازت دی جائے۔