سرکاری بنگلہ خالی نہ کرنے پر سیما راج پر 21 لاکھ کا جرمانہ

   

نئی دہلی، 24 اکتوبر (یو این آئی) ریٹائرڈ پرنسپل انکم ٹیکس ڈائریکٹر جنرل سیما راج پر مقررہ مدت کے بعد بھی سرکاری رہائش خالی نہ کرنے پر 21,45,703 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔سرکاری معلومات کے مطابق سیما راج کو دارالحکومت کے پانڈارا پارک میں ٹائپ-6 بی کے سی-I/38 بنگلے کا الاٹمنٹ دیا گیا تھا۔ سیما راج 30 نومبر 2024 کو ریٹائر ہوئی تھیں۔ قانون کے مطابق سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہونے کی صورت میں 6 ماہ تک گھر میں رہنے کی اجازت ہوتی ہے ، جس کے تحت انہیں 31 مئی 2025 تک رہنے کی اجازت دی گئی تھی۔ لیکن سیما راج اس مدت کے پانچ ماہ بعد بھی سرکاری جائیداد پر غیر قانونی طور پر قابض ہیں۔ ان کے خلاف پی پی ایکٹ کے تحت بے دخلی کی کارروائی شروع کی گئی ۔ 16 جون کو متعلقہ افسران نے انہیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا، جس پر سیما راج 23 جون کو اپنا موقف پیش کرنے کیلئے حاضر ہوئی تھیں۔ افسر نے معاملے کو سمجھتے ہوئے پی پی ایکٹ کے تحت 5 اگست کو ان کے خلاف بے دخلی کا حکم جاری کیا اور 11 اگست کو متعلقہ فریق کو بے دخلی کا نوٹس دیا۔ ان کارروائیوں کے باوجود راج نے اب تک سرکاری رہائش خالی نہیں کی ہے ۔