چیف سکریٹری کا اعلیٰ سطحی اجلاس،طلبہ کے لیے کیریئر کونسلنگ کی تجویز
حیدرآباد ۔28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے اور بنیادی انفراسٹرکچر کی سربراہی پر توجہ مرکوز کریں۔ چیف سکریٹری نے سکریٹریٹ میں محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور آئندہ تعلیمی سال سے تعلیمی اصلاحات پر عمل آوری کا جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری نے اسکول ، کالجس اور سرکاری یونیورسٹیز میں انفراسٹرکچر سہولتوں کے بارے میں حکومت کے اقدامات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ سرکاری تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کریں۔ اور جامع ایکشن پلان کے ساتھ عمل آوری کی جائیں۔ اجلاس میں پرائمری ، ہائی اسکول ، اعلیٰ تعلیم ، ڈیجیٹل اریکیشن ، جونیئر و ڈگری کالجس اور انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ آئندہ تعلیمی سال سے سرکاری اداروں میں نتائج کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ پروفیسرس ، لکچررس اور ٹیچرس کے ساتھ طلبہ کے اجلاس منعقد کئے جائیں تاکہ وہ اپنے تجربات سے طلبہ کی مدد کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں معیاری غذا کی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں۔ سولار طرز کا کچن قائم کیا جائے اور اقامتی اسکولوں میں تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی طلبہ میں کتابیں اور دیگر ضروری سامان تقسیم کیا جائے۔ انہوں نے صحت و صفائی کے انتظامات پر توجہ دینے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری یوگیتا رانا ، کمشنر ایجوکیشنل دیواسینا ، سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کرشنا ادتیہ، سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی بھاویش مشرا اور دوسروں نے شرکت کی ۔ چیف سکریٹری نے طلبہ کیلئے کالجس میں کیریئر گائیڈنس اور بی ایڈ کی تکمیل کرنے والے امیدواروں کو سرکاری اسکولوں میں انٹرن شپ فراہم کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ برقی بچت کیلئے سولار کچن قائم کئے جائیں۔1