حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت نے سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات سے عین قبل بے روزگار نوجوانوں کیلئے خوشخبری دی ہے۔ حکومت نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن اور دیگر ریکروٹنگ ایجنسیز کے ذریعہ کئے جانے والے تقررات میں عمر کی حد میں 10 سال کا اضافہ کیا ہے۔ 27 جولائی 2015 کو جاری کردہ جی او ایم ایس 329 کو حکومت کی جانب سے سرکاری محکمہ جات میں گشت کرایا جارہا ہے تاکہ تقررات کے سلسلہ میں بے روزگار نوجوانوں میں اعتماد بحال ہوسکے۔ جی او کے تحت پبلک سرویس کمیشن اور ریکروٹنگ ایجنسیوں کے ذریعہ کئے جانے والے تقررات میں عمر کی حد کو 34 سال سے بڑھا کر 44 سال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ پبلک سرویس کمیشن سے آئندہ چند ماہ میں ہونے والے 50 ہزار تقررات میں اس فیصلہ پر عمل آوری کی جائے گی۔ پبلک سرویس کمیشن کے علاوہ پولیس، ایکسائیز، فائر سرویس، جیل، فاریسٹ اور دیگر محکمہ جات میں کئے جانے والے ریکروٹنگ انجنیئر کے تقررات میں بھی یہ احکامات قابل عمل رہیں گے۔