نئی دہلی، 11 فروری (یو این آئی) مرکزی وزارت داخلہ نے رسمی تقریبات میں قومی گیت وندے ماترم گائے جانے کے بارے میں پہلی بار باضابطہ پروٹول جاری کیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ اسے سرکاری تقریبات کے دوران مکمل طور پر پیش کیا جانا چاہئے ۔ 28 جنوری کو جاری کردہ ایڈوائزری میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ جب قومی گیت وندے ماترم اور قومی ترانہ جن گن من دونوں ایک ساتھ پیش کیے جائیں، تو پہلے قومی گیت کو پیش کیا جانا چاہیے ۔ ہدایات کے مطابق، بنکم چندر چٹوپادھیائے کی تحریر کردہ وندے ماترم کے تمام چھ بند کو ترانے سے پہلے مکمل طور پر گایا جائے ۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ پروٹوکول کا مقصد سرکاری تقریبات میں قومی گیت کو گانے کے طریقوں میں یکسانیت لانا ہے ۔ وزارت داخلہ نے کہا کہ قومی نغمہ گانے کی مکمل سرکاری پیشکش کا دورانیہ تقریباً تین منٹ اور دس سیکنڈ ہے ۔
پروٹوکول کے تحت، وندے ماترم کا سرکاری ورژن اہم ریاستی اور رسمی تقریبات میں گایا جانا ہے ۔ ان میں شہری رسمی تقریبات، رسمی ریاستی تقریبات میں صدرجمہوریہ کی آمد اور روانگی، اور قوم سے صدارتی خطاب کو ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر نشر ہونے سے فوراً پہلے اور بعد کے مواقع شامل ہیں۔ اسی طرح کا اہتمام گورنروں یا لیفٹیننٹ گورنروں کی شرکت والی رسمی تقاریب کے ساتھ ساتھ قومی پرچم کو پریڈ میں لائے جاتے وقت کیا جانا ہے ۔ مرکزی حکومت مخصوص احکامات کے ذریعے دوسرے مواقع پر بھی اس کے گانے کی اجازت دے سکتا ہے ۔ پروٹوکول میں مزید رسمی طریقہ کار کی بھی وضاحت کی گئی ہے جب قومی نغمہ کو کسی بینڈ کے ذریعہ پیش کیا جاتا ہے ۔ ڈھول بجا کر سامعین کو متنبہ کیا جاتا ہے ۔ ڈرم رول کو ایک مقررہ پیٹرن پر بجانا ہے اور نغمہ گانا شروع ہونے سے پہلے بند کرنا ہے ۔