صحت و صفائی پر توجہ ضروری ‘ کالج انتظامیہ کا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کو مکتوب
حیدرآباد۔ حکومت سے نویں جماعت سے اوپر باضابطہ تعلیم کے آغاز کے احکام کے ساتھ ہی سرکاری جونئیر کالجس کے ذمہ داروں نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کو مکتوب میں خواہش کی کہ موجودہ حالات میں کالجس کے آغاز کیلئے اضافی گرانٹ کی اجرائی کو یقینی بنائے تاکہ کالجس میں زیر تعلیم طلبہ کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ بہتر صفائی کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ بیشتر سرکاری جونئیر کالجس کی جانب سے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کو روانہ کردہ مکتوب میں خواہش کی گئی ہے کہ انٹر سال اول اور سال دوم میں زیر تعلیم فی طالب علم 500 روپئے اضافی گرانٹ جاری کی جائے تاکہ کالجس کی کشادگی کے بعد انہیں محفوظ ماحول کی فراہمی ممکن ہوسکے ۔ حکومت سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے لیکن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب نے صورتحال سے حکومت کو واقف کروا دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ عہدیداروں کو کالجس کا یہ مطالبہ درست لگ رہا ہے اسی لئے بورڈ نے حکومت یہ تجویز روانہ کردی ہے۔ کالجس انتظامیہ نے اعتراف کیا کہ وہ مکتوب روانہ کرچکے ہیں کیونکہ موجودہ حالات میں محفوظ ماحول میں کلاسس کا انعقاد ناگزیر ہے اسی لئے اگر کوتاہی کی بناء پر کوئی مسئلہ ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری کالج انتظامیہ پر عائد ہوگی اسی لئے صفائی اخراجات میں اضافہ اور محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے اضافی گرانٹ ضروری ہے اور امید ہے کہ حکومت ان کے مطالبہ کو قبول کرکے جونئیر کالجس و دیگر سرکاری اداروں میں بھی اضافی گرانٹ کی اجرائی کو یقینی بنائیگی۔ کہا جا رہاہے کہ جاریہ ماہ کے آخری ہفتہ میں حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے چیف منسٹر سے مشاورت کے بعد اعلان کیا جائے گا اور حکومت اس سلسلہ میں محکمہ صحت کو بھی محفوظ ماحول کی فراہمی کے احکام جاری کرنے پر غور کر رہی ہے۔