جڑچرلہ میں بوٹانیکل گارڈن کیلئے 50 لاکھ کی منظوری
حیدرآباد: چیف منسٹر کے سی آر نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے ریاست کے تمام سرکاری جونیئر اور ڈگری کالجس کے طلبہ کیلئے مڈ ڈے میل (دوپہر کے کھانے) کی اسکیم متعارف کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لنچ بریک کے بعد طلبہ کی غیرحاضری کے رجحان میں کمی کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جونیئر اور ڈگری کالجس کے طلبہ کو تغذیہ بخش غذا سربراہ کی جائے گی ۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ صبح کالج آنے والے طلبہ دوپہر میں لنچ کیلئے گھروں کو واپس ہوتے ہیں اور دوبارہ کالج نہیں آتے جس کے نتیجہ میں سرکاری کالجس میں تعلیم ترک کرنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ حکومت نے اس صورتحال کی روک تھام کے لئے مقوی غذا کی فراہمی کا فیصلہ کیا اور کالجس کے لئے اسکیم میں توسیع دی جائے گی ۔ انہوں نے جڑچرلہ ڈگری کالج میں بوٹانیکل گارڈن کے قیام کے متعلق کالج کے لکچرر رگھورام اور مقامی رکن اسمبلی سی لکشما ریڈی سے ملاقات کی۔ لکشما ریڈی نے چیف منسٹر کو بتایا کہ لکچرر رگھو رام اپنے ذاتی خرچ سے کالج کے طلبہ کو دوپہر کا کھانا فراہم کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے لکچرر اور رکن اسمبلی دونوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کالجس میں مڈ ڈے ملک فراہم کرنے کی ضرورت محسوس کی ہے۔ بہت جلد اس سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ لکچرر رگھورام نے چیف منسٹر سے درخواست کی کہ جڑچرلہ گورنمنٹ جونیئر کالج کیلئے نئی عمارت منظور کی جائے۔ چیف منسٹر نے اس درخواست کو قبول کرتے ہوئے نئی عمارت کی منظوری کا اعلان کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ جڑچرلہ گورنمنٹ ڈگری کالج سے تحریک حاصل کرتے ہوئے دیگر تمام گورنمنٹ ڈگری کالجس میں بوٹانیکل گارڈن کا قیام عمل میں لائیں۔ انہوں نے پرگتی بھون ملاقات کیلئے پہنچنے والے سدا شیویا کو مبارکباد پیش کی۔ چیف منسٹر نے سدا شیویا کی خدمات کو سراہا اور بوٹانیکل گارڈن کے لئے 50 لاکھ روپئے کی منظوری دی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر نرنجن ریڈی ، رکن اسمبلی لکشما ریڈی ، چیف سکریٹری سومیش کمار اور اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم چترا رام چندرن موجود تھے۔