سرکاری جونیر کالجس میں ایک لاکھ داخلوں کا نشانہ

   

Ferty9 Clinic

35 ہزار داخلوں کی تکمیل، ڈائرکٹر انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کا زوم اجلاس
حیدرآباد 10 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سرکاری جونیر کالجس نے داخلوں کو بہتر بنانے کے لئے ڈائرکٹر انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کرشنا آدتیہ آئی اے ایس نے زوم جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ تعلیمی سال 2025-26ء میں ریاست کے 430 سرکاری جونیر کالجس میں داخلوں میں اضافہ کی عہدیداروں کو مساعی کرنے ہدایت دی گئی۔ ڈائرکٹر انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے گورنمنٹ جونیر کالجس کے پرنسپلس اور لیکچررس سے بات چیت کی اور تجاویز حاصل کیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ابھی تک گورنمنٹ جونیر کالجس میں 35 ہزار داخلے ہوچکے ہیں اور ایک لاکھ داخلوں کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سرکاری جونیر کالجس کے استحکام کے لئے داخلوں میں اضافہ اوّلین ترجیح ہونی چاہئے۔ اُنھوں نے لیکچررس کو مشورہ دیا کہ وہ قریبی اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرس اور اولیائے طلبہ سے ربط قائم کرتے ہوئے گورنمنٹ جونیر کالجس میں داخلوں کی ترغیب دیں۔ کرشنا آدتیہ نے پرنسپلس اور لیکچررس کو ہدایت دی کہ وہ اپنے کالجس میں درکار انفراسٹرکچر کی تفصیلات سے واقف کرائیں تاکہ فوری تکمیل کی جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ گورنمنٹ جونیر کالجس میں بہتر فیکلٹی اور لیکچررس کے ذریعہ عصری کورسیس کی تعلیم کا انتظام ہے۔ کرشنا آدتیہ نے کہاکہ جس طرح اقامتی اسکولوں میں معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے اُسی طرح جونیر کالجس کے معیار تعلیم کو بلند کرنا پرنسپلس اور لیکچررس کی ذمہ داری ہے۔1