حیدرآباد۔ 18 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ میں ایک درخواست داخل کی گئی جس میں عدالت سے خواہش کی گئی کہ وہ حکومت کو ہدایت دے کہ تمام جی اوز ویب سائیٹ پر پیش کئے جائیں تاکہ عوام مشاہدہ کرسکے۔ حکومت کی جانب سے سرکاری ویب سائیٹ پر احکامات پیش نہ کئے جانے کی شکایت کرتے ہوئے پی شیکھر نامی شخص نے مفاد عامہ کی درخواست داخل کی ۔ درخواست گزار نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے ابھی تک ایک لاکھ سے زائد جی او جاری کئے ہیں لیکن صرف 42,500 جی اوز کو ویب سائیٹ پر رکھا گیا ہے۔ عدالت نے آج مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے چیف سکریٹری اور پرنسپل سکریٹری ریونیو کو نوٹس جاری کی ۔ عدالت نے مقدمہ کی آئندہ سماعت 4 ہفتوں کے بعد مقرر کی ہے۔