سرکاری خرچ پر لندن کا خانگی دورہ، سابق سری لنکن صدر گرفتار

   

کولمبو۔ 23 اگست (ایجنسیز) سری لنکا کے سابق صدر رانیل وکرما سنگھے کو سرکاری فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق وکرما سنگھے کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات جاری ہیں اور انہیں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ 76 سالہ وکرما سنگھے نے 2023 میں اپنی اہلیہ کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن کا سفر کیا، جس کے لیے ریاستی وسائل استعمال کیے گئے۔ یہ سفر اس وقت کیا گیا جب وہ کیوبا میں جی77 سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس آرہے تھے۔ سابق صدر کے دفتر نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اہلیہ کے تمام اخراجات ذاتی طور پر ادا کیے گئے اور کسی سرکاری فنڈ کا استعمال نہیں ہوا۔ تاہم کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ اس نجی دورے کے دوران حکومتی رقم استعمال کی گئی اور وکرما سنگھے کے باڈی گارڈز کے اخراجات بھی ریاست نے برداشت کیے۔