سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر ہر کسی کو ماسک کا استعمال لازمی

,

   

Ferty9 Clinic

محکمہ صحت کے احکامات، شہری اور دیہی علاقوں میں شعور بیداری کی تجویز
حیدرآباد۔ 10 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تمام سرکاری دفاتر میں احتیاطی تدابیر سے متعلق تازہ احکامات جاری کئے۔ محکمہ صحت و طبابت کے اسپیشل چیف سکریٹری شانتی کمار کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری نے تمام سرکاری دفاتر میں ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ماسک سے ناک، منہ اور تھوڈی مکمل طور پر کور رہے۔ چہرے اور ماسک کے درمیان کوئی فاصلہ نہ ہو۔ اگر گھر میں تیار کردہ ماسک استعمال کررہے ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ چہرے کے اہم اعضاء ڈھک جائیں۔ تمام دفاتر اور کام کے مقامات پر ملازمین کو ہمیشہ ماسک پہننے کی ترغیب دی جائے۔ فرنٹ لائن ورکرس ڈیوٹی کے دوران ماسک کا لازمی طور پر استعمال کریں۔ دیہی علاقوں کے عوام میں ماسک کے استعمال کی ترغیب دی جائے چاہے وہ کسی دفتر جائیں یا عوامی مقام پر رہیں۔ ماسک کا استعمال ضرور کریں۔ ماسک کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ وہ صرف گردن پر لٹکا رہے۔ ماسک لگانے سے قبل ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں۔ دن کے آغاز پر اچھا صاف کیا ہوا ماسک استعمال کریں۔ خراب ہونے کی صورت میں فوری تبدیل کریں۔ ایک مرتبہ استعمال کے بعد صفائی کے بغیر دوبارہ ماسک کا استعمال نہ کیا جائے۔ زیادہ استعمال کردہ اور جھریوں سے پر ماسک استعمال کرنے کی صورت میں خطرہ زیادہ رہتا ہے۔ ماسک نکالنے کی صورت میں اس کے بیرونی یا اطراف کے حصے کو ہاتھ نہ لگائیں۔ ماسک نکالتے ہی فوری اپنے ہاتھ سینیٹائزر سے دھولیں۔ استعمال کردہ ماسک کو صابن کے پانی یا ابلتے ہوئے پانی میں ڈالا جائے اور نمک کا اضافہ کیا جائے تاوقتیکہ ماسک اچھی طرح دھل جائے۔ تمام ضلع کلکٹرس اور ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسرس کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ماسک کے استعمال کے بارے میں عوام میں بڑے پیمانے پر مہم چلائیں۔