شہر میں وبائی امراض
جی ایچ ایم سی کا اجلاس، وزراء ایٹالہ راجندر، محمد محمود علی اور سی ایچ ملاریڈی کی شرکت
حیدرآباد۔4ستمبر(سیاست نیوز) شہر میں تمام سرکاری دواخانوں اور بستی دواخانوں میں بھی رات کے وقت ڈاکٹرس موجود رہیں اور تمام میڈیکل عملہ کی رخصتوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ شہر کے تمام اسکولوں میں مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے علاوہ کچہرے کی فوری نکاسی کے اقدامات کئے جائیں ۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر ایٹالہ راجندر‘ جناب محمد محمود علی ریاستی وزیر داخلہ ‘ مسٹر سی ایچ ملا ریڈی ریاستی وزیر لیبر کے علاوہ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے یہ احکام جاری کئے ہیں۔ جائزہ اجلاس کے بعد ریاستی وزیر صحت نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سال گذشتہ کی بہ نسبت جاریہ سال ڈینگو کے مریضوں کی تعداد کم ہے لیکن شہر حیدرآباد میں جو تیز بخار اور وبائی امراض میں مبتلاء مریض ہیں وہ دراصل موسمی بیماریوں کا شکار ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ ڈینگو کی وباء کے نام سے شہریوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ریاستی حکومت اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ریاستی حکومت یا جی ایچ ایم سی کی جانب سے وبائی امراض کو روکنے کے اقدامات عوام کے تعاون و اشتراک سے ہی ممکن ہیں کیونکہ جب تک عوام اپنے اطراف ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے اقدامات کو یقینی نہیں بناتے اس وقت تک شہر میں صفائی کے عمل کو ممکن نہیں بنایاجاسکتا۔ مسٹر ایٹالہ راجندر نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کچہرے کی نکاسی کے اقدامات کریں اور ان اقدامات کی مکمل رپورٹ حکومت کو روانہ کی جائے۔ علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ کچہرے کی نکاسی کے علاوہ صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے بلدیات کو کنٹراکٹ عملہ کی تعیناتی اور اضافی ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران جناب محمد محمود علی ریاستی وزیر داخلہ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں میں صفائی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں اور رہائشی علاقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کریں۔ سی ایچ ملا ریڈی نے شہر کے نواحی علاقوں کے علاوہ مضافات میں مچروں کی افزائش اور وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے کے متعلق کئے جانے والے اقدامات سے متعلق آگہی حاصل کی اور مئیر سے خواہش کی کہ وہ بلدی حدود میں آنے والے تمام علاقوں میں آلودگی کے خاتمہ اور مچھرکش ادویات کے چھڑکاؤ میں تیزی لائیں۔ اس اجلاس میں کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر ڈی ایس لوکیش کمار ‘ سیکریٹری محکمہ صحت کے علاوہ جی ایچ ایم سی کے اعلی عہدیدار موجود تھے۔ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے تمام زونل کمشنرس کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں میں کچہرے کی نکاسی اور صفائی کے انتظامات کی رپورٹ یومیہ اساس پر پیش کریں اور جی ایچ ایم سی کو کئے جانے والے اقدامات سے واقف کروائیں اس کے علاوہ بستی دواخانوں میں خدمات کے اوقات کار کو توسیع دی جائے تاکہ کسی بھی صورت میں حالات کو قابو میں رکھنے کے اقدامات کئے جاسکیں۔مسٹر ایٹالہ راجندر نے بتایا کہ فیور ہاسپٹل کے دورہ کے دوران انہیں موصولہ اطلاعات کے مطابق 51ہزار مریضوں میں 52 مریض ڈینگو سے متاثرہ پائے گئے ہیں اور اس کے علاوہ فیور ہاسپٹل کے علاوہ شہر کے دیگر سرکاری دواخانوں میں پڑوسی ریاستوں آندھراپردیش ‘ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے مریضوں کی بھی بڑی تعدادموجود ہے لیکن وہ بھی موسمی بیماریوں کا علاج کروا رہے ہیں ۔
