سرکاری دواخانوں سے مریض رجوع ہونے پس و پیش کا شکار

   

چٹھی حاصل کرنے طویل قطار، مریضوں کو ناقابل بیان تکالیف
حیدرآباد۔/10نومبر، ( سیاست نیوز) سرکاری دواخانوں میں علاج کیلئے رجوع ہونے والے مریض نئے امراض کے خوف کا شکار ہورہے ہیں۔ علاج کیلئے ہاسپٹل سے رجوع ہونے والی غریب عوام سرکاری محکموں کی مبینہ لاپرواہی سے اذیت کا شکار ہورہے ہیں۔ ان دنوں اسی قسم کے حالات کا سامنا گاندھی ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریضوں کو کرنا پڑ رہا ہے۔ علاج تو دور علاج کیلئے ضروری چٹھی کیلئے گھنٹوں قطار میں انتظار کرنا پڑرہا ہے۔ آؤٹ پیشنٹس کو ناقابل بیان تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ گھنٹوں انتظار کے باوجود ڈاکٹرس سے ملاقات اور تشخیص نہیں ہو پائی اور دوسرے دن پھر باری کا انتظار کرنا پڑرہا ہے۔ شدید بخار و دیگر بیماریوں کے علاج کیلئے اب گاندھی ہاسپٹل پہونچنا ایک امتحان سے کم نہیں رہا۔ کمپیوٹر خدمات میں رکاوٹ کے بعد ہاتھ سے لکھی ہوئی رسید حاصل کرنے کیلئے لمبی قطار میںگھنٹوں اپنی باری کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ صبح 9 بجے قطار میں ٹھہرنے کے باوجود 11 بجے تک باری کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے جس کے باوجود بھی اس دن ڈاکٹر سے تشخیص اور علاج کی کوئی گیارنٹی نہیں۔ ایک اندازہ کے مطابق گاندھی ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے آؤٹ پیشنٹ مریضوں کی تعداد 3 ہزار تک ہے۔ ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریضوں کو کنسلٹیشن کیلئے پہلے کمپیوٹر رسید دی جاتی تھی لیکن چند دنوں سے یہ کام تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔ گذشتہ دنوں ہاسپٹل میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ کے بعد ہوئے نقصانات سے ان خدمات کو شدید نقصان ہوا۔ سابق میں سال 2015 میں ان خدمات کو سنٹر فار ڈیولپمنٹ آف ایڈنسڈ کمپیوٹنگ ( سی ۔ ڈاک ) ادارہ کو دی گئی تھی۔ گاندھی ہاسپٹل کے علاوہ کنگ کوٹھی، ملک پیٹ ایریا ہاسپٹل میں او پی، آئی پی ، رسید کے علاوہ ٹسٹوں کی رپورٹ کو فراہم کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ع
سمینار و مشاعرہ و تقریری مقابلہ
حیدرآباد۔ /10 نومبر، ( راست ) مولانا ابوالکلام آزاد میموریل سوسائٹی کی جانب سے 11 نومبر کو صبح 10 بجے اردو گھر مغلپورہ میں سمینار و مشاعرہ مقرر ہے۔ اس موقع پر اسکولی طلباء و طالبات کیلئے تقریری مقابلہ ہوگا ۔ ججس محترمہ اظہر النساء، محمد الیاس طاہر، محمد ایوب خاں ہوں گے ۔
سمینار میں جناب محمد مصطفے علی سروری، محمد عقیل ، محمد عبدالقدوس ، مختار احمد فردین کے علاوہ صدر استقبالیہ جناب اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ ہوں گے۔