سرکاری دواخانوں میںفائر سیفٹی کو بہتر بنانے کی مہم

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 24 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) محکمہ صحت نے ریاست بھر میںڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن اور تلنگانہ ویدیا ودھان پریشد کے تحت تمام نگہداشت صحت کے اداروں میں فائر سیفٹی نظام کو بہتر اور عصری بنانے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے ۔ کچھ سرکاری دواخانوں میں آگ لگنے کے معمولی واقعات کے بعد محکمہ صحت کے سینئر عہدیداروں نے آئندہ مہینوں میں فائر سیفٹی کے مسئلہ کو حل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے حال ہی میں ان خامیوں کو دور کرنے کیلئے 31 کروڑ روپئے کا بجٹ فراہم کیا ہے ۔ چند ماہ قبل محکمہ صحت کی جانب سے سینئر ڈاکٹرس اور ہاسپٹل منتظمین کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی تاکہ موجودہ فائر سیفٹی نظام میں خامیوں کا پتہ چلایا جاسکے ۔ ڈاکٹرس کی ٹیم نے متعلقہ سرکاری دواخانوں کے سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے کچھ سفارشات پیش کی ہیں جو حکومت کے حوالے کردی گئی ہیں۔ اس سے قبل فائر سیفٹی محکمہ نے بھی سرکاری دواخانوں میں نقائص اور خامیوں کا جائزہ لیا تھا اور ایک رپورٹ پیش کی تھی ۔ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر کے رمیش ریڈی نے بتایا کہ حکومت کو اس سلسلہ میں ایک رپورٹ پیش کردی گئی ہے ۔ ریاستی حکومت نے اس کو بہتر بنانے کیلئے اور نئے سیفٹی آلات کی تنصیب کیلئے 31 کروڑ روپئے فراہم کئے ہیں۔ امید ہے کہ جلد یہ کام شروع ہوجائیگا ۔