کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کی تیاری، کئی اضلاع میں نئے دواخانوں کا قیام، راشن شاپس کے مسئلہ پر علحدہ سب کمیٹی
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوں اور انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے وزراء پر مشتمل کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ یہ کمیٹی مختلف ریاستوں کا دورہ کرتے ہوئے سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کرے گی ۔ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلہ کے مطابق وزیر فینانس ہریش راؤ کی صدارت میں سب کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ کمیٹی کے ارکان ریاستی وزراء جگدیشور ریڈی ، سرینواس یادو ، وی پرشانت ریڈی ، سرینواس گوڑ ، سبیتا اندرا ریڈی اور ستیہ وتی راتھوڑ شامل ہیں۔ کمیٹی سے خواہش کی گئی ہے کہ کیرالا ، ٹاملناڈو کے علاوہ سری لنکا کا دورہ کرتے ہوئے بہتر طبی سہولتوں کے بارے میں جائزہ لیں اور حکومت کو رپورٹ پیش کریں۔ کابینہ نے کھمم کے ستو پلی اور مدھیرا علاقوں میں 100 بستروں کے نئے دواخانوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے علاوہ سرکاری دواخانوں کے مدر اینڈ چائلڈ کیر سنٹرس میں تبدیل کیا جائے گا ۔ کابینہ نے سوریا پیٹ کے 50 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ کیر سنٹر کو 100 بستروں کے دواخانوں میں اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تمام سرکاری دواخانوں میں مریضوں کے تیمارداروں کی سہولت کیلئے بورڈنگ سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ کابینہ نے محکمہ صحت کو اس سلسلہ میں فوری اقدامات کی ہدایت دی ہے ۔ کابینہ نے سرسلہ ضلع کے ملگ میں تلنگانہ ہیلت پروفائل پائلٹ پراجکٹ کے آغاز کا فیصلہ کیا ۔ 19 اضلاع میں قائم کئے جانے والے ڈائگناسٹک سنٹرس میں ای سی جی ، ایکسرے ، الٹرا ساؤنڈ ، ٹوڈی ایکو اور خواتین میں کینسر کا پتہ چلانے سے متعلق میموگرام ٹسٹ کی مفت سہولت رہے گی۔ حکومت نے حیدرآباد ، ورنگل اور سدی پیٹ میں الرجی کے علاج کے لئے ٹسٹنگ سنٹرس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے ریاست میں نئے ڈائیلاسیس سنٹرس کے قیام کا فیصلہ کیا تاکہ گردہ کے امراض کے شکار مریضوں کے علاج میں سہولت ہو۔ تمام موجودہ بلڈ بینکس کو اپ گریڈ کیا جائے گا ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروںکو ہدایت دی گئی کہ آرتھوپیڈک ، نیورالوجی اور دیگر اسپیشالیٹیز میں ضروری اسٹاف کا تقرر کرتے ہوئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ حکومت نے ورنگل کی موجودہ جیل کی اراضی پر سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ کابینہ نے گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں نرسنگ، لیاب ٹکنیشنس ، ریڈیالوجی اور ڈائیلاسیس ٹکنیکل کورسس کے آغاز کی محکمہ صحت کو ہدایت دی ہے ۔ سرکاری دواخانوں میں بچوں کے علاج سے متعلق سہولتوں میں اضافہ ، خاص طور پر آئی سی یو اور ایس این سی یو وارڈس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے ۔ کابینہ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں کورونا کی امکانی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے ضروری ادویات اور علاج کی سہولتوں کے ساتھ تیار رہیں۔ کابینہ نے راشن ڈیلرس کے کمیشن اور عوامی نظام تقسیم کو بہتر بنانے کیلئے سب کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر سب کمیٹی کے صدرنشین ہوں گے جبکہ ریاستی وزراء ہریش راؤ ، سرینواس یادو ، سبیتا اندرا ریڈی اور اندرا کرن ریڈی کمیٹی کے ارکان ہوں گے ۔ کابینہ نے ریاست میں زرعی اراضیات کے ڈیجیٹل سروے سے متعلق فیصلہ کو منظوری دی ہے۔