سرکاری دواخانوں میں آکسیجن پلانٹس کے قیام کا آغاز

   

محبوب آباد میں میڈیکل کالج کیلئے اراضی کا حصول، ریاستی وزیر ستیہ وتی راٹھور کا بیان
حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے محبوب آباد ضلع میں سرکاری سطح پر میڈیکل کالج کے قیام کی تیاریاں تیز کردی ہیں۔ وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راٹھور نے بعض گوشوں کی جانب سے میڈیکل کالج کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں غریبوں کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے چیف منسٹر نے میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کیا ہے جو عناصر کالج کے قیام میں رکاوٹ پیدا کریں گے ان کا شمار ضلع کے غداروں میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج کے قیام کیلئے جو اراضی حاصل کی جارہی ہے ان کے متاثرین اور غریبوں کو مناسب معاوضہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اراضی کے حصول کے سلسلہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ ریاستی وزیر نے اراضی سے محروم ہونے والے خاندانوں کو حکومت کی جانب سے مناسب معاوضہ کا یقین دلایا اور کہا کہ ضلع کی ہمہ جہتی ترقی میں تمام قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سرکاری دواخانہ میں بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے سرکاری دواخانہ میں 2 کروڑ کے خرچ سے قائم کردہ آکسیجن جنریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے ہر دواخانہ میں آکسیجن پلانٹ کے قیام کی مساعی جاری ہے۔ مشن سنجیونی کے نام سے آکسی فام انڈیا ادارہ نے ملک بھر میں آکسیجن پلانٹس کیلئے جنریٹر سربراہ کئے ہیں۔ محبوب آباد میں بھی 1.40 کروڑ کے خرچ سے جنریٹر فراہم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر ضلع کے سرکاری دواخانوں میں عصری سہولتوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سے عوام کو علاج کیلئے دیگر علاقوں کا رُخ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیرپرسن کماری بندو، رکن پارلیمنٹ کویتا، میونسپل چیرمین رام موہن ریڈی، وائس چیر مین محمد فرید، کلکٹر ششانک، ایڈیشنل کلکٹر ابھیلاش ابھینو، سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل ڈاکٹر وینکٹ راملو اور آکسی فارم ادارہ کے نمائندے موجود تھے۔ر