سرکاری دواخانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونگے

   

ڈاکٹرس و عملہ کی موجودگی اور ادویات کی دستیابی پر نظر رکھی جائے گی
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے ڈاکٹر س اور طبی عملہ کی نگرانی کے لئے تمام دواخانوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی تاکہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی موجودگی کو یقینی بنایاجاسکے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری دواخانوں بشمول بستی دواخانوں و پبلک ہیلت سنٹرس پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ذریعہ ڈاکٹرس کے اوقات کا ر اور ان کی موجودگی کو ریکارڈ کیا جائے۔بتایاجاتا ہے کہ شہر میں ابتدائی طور پر ان کیمروں کی تنصیب کے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ اس تجربہ کی کامیابی پر تمام ریاست میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی جائیگی ۔ شہر کے سرکاری دواخانوں میں برسرکار طبی عملہ اور ڈاکٹرس کی عدم موجودگی کی شکایات کو دور کرنے محکمہ صحت کی جانب سے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ڈائرکٹر محکمہ صحت کے مطابق ریاست بھر میں سرکاری دواخانوں اور عوامی صحت مراکز میں ادویات کی موجودگی اور اسٹاک کا جائزہ لینے انہیں ایک مرکزی مقام سے مربوط کیا جانا ناگزیر ہے اسی لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام طبی مراکز کو محکمہ صحت سے مربوط کرکے ان میں کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جائے جس کے نتیجہ میں تمام دواخانوں پر یکساں نظر رکھی جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کے اقدامات کے ذریعہ ہاسپٹلس میں عملہ کی موجودگی اور مریضوں کے ساتھ برتاؤ اور ادویات کے ریکارڈ کو رکھنا آسان ہوجائے گا۔ حکومت کی جانب سے آئندہ دو برسوں میں محکمہ صحت کو بہتر اور عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے تحت تمام دواخانوں میں بنیادی معیاری سہولتوں کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں ۔