سرکاری دواخانوں میں فوت افراد کی نعشوں کو گھر منتقل کرنے کا مفت انتظام

   

عثمانیہ دواخانہ کیلئے 10 ایمبولنس ،گاندھی ہاسپٹل کیلئے 10 اور دیگر دواخانوں کیلئے بھی ایمبولنس سرویس
حیدرآباد یکم / جنوری ( سیاست نیوز ) حکومت نے سرکاری دواخانہ میں انتقال کرجانے والوں کی نعشوں کو ان کے گھروں تک پہونچانے کیلئے مفت گاڑیوں کا انتظام کررکھا ہے ۔ اور اس مناسبت سے حکومت دواخانہ عثمانیہ کیلئے 10 ایمبولنس دواخانہ گاندھی کیلئے 10 ایمبولنس ، دواخانہ نمس کیلئے دو ایمبولنس ، اور دواخانہ نیلوفر دواخانہ ایم این جی کینسر کیلئے ایک ایک ایمبوسلنس گاڑیاں مختص کی ہیں اور فی الحال 10 ایمبولنس گاڑیاں مفت خدمات انجام دے رہی ہیں ۔ مگر میتوں کے افراد خاندانوں کو آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے دلالوں کے چکر میں پڑکر نقصان اٹھا رہے ہیں اور نتیجہ میں سرکاری مقصد فوت ہورہا ہے اور امبولنس گاڑیاں دواخانوں میں موجود ہونے کے باوجود بعض دلال میتوں کے افراد خاندان کی لاعلمی کو اپنا ذریعہ معاش بنارہے ہیں اور دلال پیسوں کے عوض ایمبولنس گاڑیاں فراہم کر رہے ہیں اور اس معاملہ میں دواخانوں کے عہدیداران سخت کارروائی کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں ۔ ریاست کی علحدگی کے بعد وزیر اعلی کے سی آرنے 108 امبولنس کی طرز پر ہی میتوں کو ان کے گھروں تک مفت پہونچانے کے مقصد سے جنازہ امبولنس کا 17 نومبر 2016 کو آغاز کیا تھا اور تاحال ریاستی سطح پر ان گاڑیوں کے ذریعہ سرکاری دواخانوں میں انتقال کرجانے والے تقریباً 15 ہزار افراد کی میتوں کو ان کے گھروں تک پہونچایا گیا ہے ۔ جبکہ صرف دواخانہ عثمانیہ میں مرنے والے ہر ماہ 300 افراد کی لاشوں کو ریاست کے کونے کونے تک پہونچایا گیا ہے ۔ لہذا جس کے رشتہ دار سرکاری دواخانوں میں انتقال کرجاتے ہیں ان کی لاشوں کی منتقلی کیلئے امبولنس گاڑی کو حاصل کرنے کیلئے دواخانہ میں ڈیوٹی پر موجود آر ایم او سے رابطہ کرنا چاہئے اور آر ایم او کی ہدایت پر ہیلت انسپکٹرس میت کی تفصیلات درج رجسٹر کرکے مفت ایمبولنس گاڑی فراہم کریں گے اور اگر متعلقہ آر ایم او ڈیوٹی میں نہ ہوں تو دواخانہ سپرینٹنڈنٹ یا دیگر آر ایم سے ملاقات کرنے پر مسلہ کا حل ہوسکتا ہے اور ریاست کے کسی بھی ضلع سے میت کا تعلق ہو اس کے گھر تک نعش کو پہونچانے کی سہولت ہے البتہ ان امبولنس کے ذریعہ صرف انہیں لاشوں یا پوسٹ مارٹم انجام دی گئی لاشوں کو منتقل کرتے ہیں جو صرف سرکاری دواخانوں میں انتقال کرجاتے ہیں ۔ سرکاری دواخانوں میں جس لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جاتا ہے اور جو لوگ خانگی دواخانوں میں انتقال کرجاتے ہیں یا سڑکوں پر یا دیگر مقامات پر انتقال کرجاتے ہیں ان کی لاشوں کو ان امبولنس کے ذریعہ منتقل کرنے کی اجازت نہیں ہے اور حکومت کی جانب سے متعینہ دواخانوں میں یہ خدمات 24 گھنٹے دستیاب رہیں گی ۔ ڈاکٹر ناگیندر سپرنٹنڈنٹ دواخانہ عثمانیہ نے بتایا کہ اگر ان ایمبولنس کے ڈرائیورس یا عملہ لاشوں کی منتقل کیلئے رقمی مطالبہ کرتے ہیں تو شکایت درج کروائیں کیونکہ یہ سہولت بالکل ہی مفت ہے ۔