پداپلی ضلع کلکٹر مزمل خان کا اچانک دورہ ہاسپٹل اور خطاب
پداپلی۔08ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر مزمل خان نے کہا کہ سرکاری ہسپتال میں بہتر طبّی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ضلع مرکز میں واقع ضلع ہسپتال، ماتا ششو صحت مرکز کی ضلع کلکٹر نے تنقیح کی۔ ہسپتال میں موجود فارمیسی، رجسٹریشن، او پی خدمات ، پالیٹیو کئیر ، پوسٹ آپریٹیو وارڈ، ایمرجنسی کیاجوالٹی ، جنرل وارڈ ، ہسپتال کے اطراف واکناف کا جائزہ لینے کے بعد ضلع کلکٹر نے ہسپتال کی صفائی پر اطمینان کا مظاہرہ کیا ۔ او پی خدمات کے لئے عوام کثیر تعداد میں آنے کے پس منظر میں ٹوکن سسٹم قائم کرنے کی ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ مریضوں سے ضلع کلکٹر نے ہسپتال میں فراہم کی جارہی سہولیات پر تفصیلات دریافت کیں ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ تلنگانہ ڈائیگناسٹک ہب میں سٹی اسکین کے قیام کی تجاویز پیش کی گئی ہے اور جلد ہی اس کے قیام کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ہسپتال کی ہر کھڑکی پر جالی کا انتظام کرنے، ہسپتال کی سرحدی دیوار کی اونچائی بڑھانے کیلئے اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر نے ہسپتال آنے والے عوام سے کہا کہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات سے استفادہ کریں۔ ضلع کلکٹر نے مطلع کیا کہ پرائیوٹ ہسپتالوں کے مقابلے سرکاری ہسپتالوں میں بہتر خدمات فراہم کی جارہی ہیں ۔ اس دورہ کے دوران ہسپتال سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رماکانت، آر.ایم.او ڈاکٹر شوریا ، متعلقہ عہدیداران و دیگر نے شرکت کی ۔