سرکاری دواخانوں میں مستقل آوٹ پوسٹ کی تجویز وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا کا جائزہ اجلاس

   

حیدرآباد۔/3ستمبر، ( سیاست نیوز) سرکاری دواخانوں میں سیکوریٹی انتظامات کو مستحکم کرتے ہوئے ڈاکٹرس کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے مستقل پولیس آوٹ پوسٹ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا کے مطابق تمام ٹیچنگ ہاسپٹلس میں مستقل پولیس آؤٹ پوسٹ قائم کئے جائیں گے اور شی ٹیموں کے ذریعہ نائیٹ پٹرولنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ وزیر صحت نے سرکاری دواخانوں اور میڈیکل کالجس میں سیکوریٹی کے مسئلہ پر جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ 10 ٹیچنگ ہاسپٹلس میں پولیس آؤٹ پوسٹ پہلے ہی قائم کئے جاچکے ہیں۔ پرائمری ہیلت سنٹر سے لیکر ایریا ہاسپٹلس تک سیکوریٹی میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ہاسپٹلس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرتے ہوئے اسے مقامی پولیس اسٹیشنوں سے مربوط کرنے کی ہدایت دی تاکہ کسی بھی واقعہ کی صورت میں پولیس فوری طور پر پہنچ سکے۔ ہر ہاسپٹل میں سیفٹی کمیٹیوں کی تشکیل کی تجویز ہے۔ اس سلسلہ میں 14 ستمبر تک حکومت نے رپورٹ طلب کی ہے۔1