سابق رکن اسمبلی و صدر بی سی ویلفیر اسوسی ایشن آر کرشنیا کی وفد کے ساتھ وزیر سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے محکمہ صحت و طبابت کے گورنمنٹ ہاسپٹلس میں 15 ہزار ڈاکٹروں کی مخلوعہ جائیدادوں پر جنگی خطوط پر تقررات عمل میں لانے قومی صدر بی سی ویلفیر اسوسی ایشن و سابق رکن اسمبلی مسٹر آر کرشنیا نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا اور اس سلسلہ میں اسوسی ایشن کے قائدین کے ساتھ وزیر صحت و طبابت ای راجندر سے ملاقات کی اور یادداشت پیش کی ۔ بعد ازاں مسٹر آر کرشنیا نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ریاستی حکومت سرکاری دواخانوں کی حالت میں بہتری پیدا کرنے کے صرف زبانی اعلانات کررہی ہے اور عملی اقدامات کرنے سے عملاً گریز کررہی ہے ۔ انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے میں عملاً ناکام ہوچکی ہے اور ریاست میں پائے جانے والے گورنمنٹ ہاسپٹلس خستہ حالی سے دوچار ہیں ۔ کوئی مناسب طبی سہولتیں فراہم نہیں ہیں بالخصوص گورنمنٹ ہاسپٹلس میں ڈاکٹروں کی ہزارہا جائیدادیں مخلوعہ ہیں لیکن حکومت ڈاکٹروں کے تقررات عمل میں لانے سے متعلق صرف زبانی اعلانات کررہی ہے ۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ ہاسپٹلس میں خصوصی طور پر اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی جائیدادیں مخلوعہ پائی جارہی ہیں ۔ جس کی وجہ سے مریض سرکاری دواخانوں کو جانے کے بجائے پرائیوٹ ہاسپٹلس سے رجوع ہونے پر مجبور ہورہے ہیں ۔ مسٹر کرشنیا نے بتایا کہ ریاستی وزیر صحت سے ملاقات کے دوران مریضوں کو مفت طبی سہولتیں فراہم کرنے ، گورنمنٹ ہاسپٹلس کی کارکردگی میں بہتری پیدا کر کے مریضوں کو مناسب طبی سہولتیں فراہم کرنے ، ڈاکٹروں کی زائد از 15 ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے علاوہ دیگر زمروں کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کا مسٹر ای راجندر سے مطالبہ کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر صحت نے گورنمنٹ ہاسپٹلس میں مخلوعہ پائی جانے والی ڈاکٹروں اور دیگر زمروں کی جائیدادوں سے متعلق تفصیلی فہرست مرتب کر کے ضروری کاروائی کرنے کا واضح تیقن دیا ۔۔