سرکاری دواخانوں میں کارپوریٹ طرز کے علاج کی سہولتیں:سریدھر بابو

   

ہر شہری کا ہیلت پروفائیل تیار کیا جائیگا
حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں کارپوریٹ طرز کی طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ ہر شہری کا ہیلت پروفائیل تیار کیا جائے گا تاکہ صحت کی بہتر طور پر نگہداشت ہوسکے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے آج راما گنڈم گورنمنٹ ہاسپٹل میں 355 بستروں کی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نئے میڈیکل کالجس کے قیام کے ذریعہ غریب اور متوسط طبقات کو سرکاری سطح پر بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 142 کروڑ کے خرچ سے راما گنڈم میں ہاسپٹل کی عصری عمارت تعمیر کی جائے گی۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت نے میڈیکل کالج کے ساتھ نرسنگ کالج کے قیام کی منظوری دی ہے۔ ملک کی تمام ریاستوں میں تلنگانہ میڈیکل ایجوکیشن اور طبی خدمات میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ہر شہری کا ہیلت پروفائیل تیار کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آروگیہ شری اسکیم کے تحت مفت علاج کی حد کو پانچ لاکھ سے بڑھا کر دس لاکھ کردیا گیا ہے۔ اس اسکیم سے لاکھوں غریب استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بستی دواخانوں کے ذریعہ آبادیوں میں طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور مستحق خاندانوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کے مطابق 100 دنوں میں پانچ ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔1