گاندھی ہاسپٹل میں سیریس مریضوں کا علاج، دیگر ہاسپٹلس میں ابتدائی علامات پر علاج کی سہولت
حیدرآباد: محکمہ صحت کے عہدیداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ تلنگانہ کے گورنمنٹ ہاسپٹلس میں خالی بستروں کی خاصی تعداد موجود ہے۔ محکمہ نے کورونا کے پازیٹیو مریضوں سے اپیل کی ہے کہ خانگی ہاسپٹلس سے رجوع ہونے اور بستروں کے حصول میں مایوسی کے بجائے سرکاری دواخانوں سے رجوع ہوں ۔ محکمہ صحت کے مطابق ریاست بھر کے سرکاری دواخانوں میں کووڈ۔19 مریضوں کیلئے 17081 بستروں کی گنجائش ہے جس میں 11928 آئیسولیشن بیڈس ، 3537 آکسیجن بیڈس ، 1145 آئی سی یو بیڈس اور 471 وینٹی لیٹر بیڈس شامل ہیں۔ سرکاری ہاسپٹلس میں کل تک صرف 7.8 فیصد بیڈس پر ہوئے تھے اور 92.2 فیصد بستر خالی ہے ۔ گاندھی ہاسپٹل کو کورونا کے سنگین کیسیس کے داخلہ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کنگ کوٹھی ، گورنمنٹ چیسٹ ہاسپٹل اور فیور ہاسپٹل نلہ کنٹہ میں مشتبہ کووڈ اور ابتدائی علامات کے مریضوں کو شریک کیا جائے گا ۔ ایسے مریض جن میں کوئی علامتیں نہیں ہیں، انہیں ہوم کورنٹائن کی درخواست کی جارہی ہے یا پھر انہیں نیچر کیور ہاسپٹل ، گورنمنٹ نظامیہ ہاسپٹل ، آیورویدا ہاسپٹل اور گورنمنٹ ہومیو پیتھی ہاسپٹل میں شریک کیا جارہا ہے۔ طبی ضرورتوں کے اعتبار سے بستر فراہم کئے جارہے ہیں اور مریضوں کا علاج مفت کیا جارہا ہے۔