سنگاریڈی میں میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کا خیرمقدم: محمد فریدالدین
ظہیرآباد : رکن قانون ساز کونسل محمد فریدالدین نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے سنگاریڈی میں سرکاری میڈیکل کالج قائم کرنے کے اعلان کا زبردست خیرمقدم کیا ہے اور کہاکہ اس میڈیکل کالج کے قیام سے نہ صرف ضلع سنگاریڈی بلکہ اس کے پڑوسی اضلاع کے طالب علموں کو بھی طبی تعلیم حاصل کرنے کے زرین مواقع دستیاب ہوں گے ۔ انھوں نے پرزور الفاظ میں کہاکہ ایک ایسے وقت میں جبکہ ریاست کی صحت عامہ کو کورونا وائرس کی دوسری خوفناک لہر سے شدید خطرہ لاحق ہوگیا ہے جو نہ صرف حکومت وقت کو کورونا وباء سے نمٹنے کے لئے تمام سرکاری دواخانوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے بلکہ اُنھیں ضرورت کے مطابق درکار ادویات اور آکسیجن سے آراستہ کرنے کی جانب متوجہ کررہا ہے ۔ ان حالات میں ریاست کے چیف منسٹر نے سنگاریڈی میں میڈیکل کالج کے ساتھ ساتھ نرسنگ کالج قائم کرنے کا اعلان کرکے میڈیکل ضرورتوں کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم اُٹھایا ہے ۔ انھوں نے آکسیجن کی قلت سے نمٹنے کے لئے 324 میٹرک ٹن آکسیجن پیدا کرنے والے 48 پلانٹس سرکاری دواخانوں میں اور حیدرآباد میں 100 میٹرک ٹن کے آکسیجن پلانٹ قائم کرنے کے چیف منسٹر کی جانب سے کئے گئے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ اقدام صحت عامہ کی سلامتی کے لئے خوش آئندہ ہے ۔ اُنھوں نے یاد دلایا کہ چیف منسٹر نے سنگاریڈی میں میڈیکل کالج کے قیام کا اعلان کرکے نہ صرف انھوں نے اپنے انتخابی وعدہ کی تکمیل کی ہے بلکہ ضلع کے کمزور طبقات کے ہونہار طالب علموں کو میڈیکل تعلیم حاصل کرنے کا زرین موقع بھی فراہم کیا ہے ۔ انوں نے واضح طورپر کہا کہ چیف منسٹر کا میڈیکل کالج قائم کرنے کا اعلان دوررس نتائج کا حامل ہوگا ۔
