12 دنوں تک میت غیر محفوظ ‘ پولیس کو بھی اطلاع نہیں ۔ خادمان ملت کے استفسارپر ذمہ داران کا غیر اطمینان بخش جواب
کریم نگر 24 ؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خادمان ملت کے سکریٹری محمد عبدالصمد نواب کے بموجب کریم نگر سرکاری دواخانہ میں تین نامعلوم بشمول 2 مسلم نعشوںکو غیر محفوظ طریقہ پر بورئیے میں لپیٹ کر رکھ دیئے جانے کی اطلاع ملنے پر جا کر ان کا معائنہ کیا ۔ تفصیلات کے حصول پر ایک خاتون رسول بی کے نام سے سرکاری دواخانہ میں شریک ہوئیں اور علاج کے دوران 11 نومبر کو انتقال کر گئیں ۔ ان کے کوئی وارث نہ ہونے پر اس خاتون کی نعش کو دواخانہ میں پوسٹ مارٹم کے بعد جہاں صرف دو نعشوں کے رکھنے کی گنجائش ہے پہلے ہی سے دو نعشیں فریزرس میں رکھی ہوئیں تھیں ۔ایک مسلم شخص فیروز کی نعش باہر رکھی ہوئی پاگئی ۔ خادمان ملت کے ذمہ داران اس تعلق سے دواخانہ سپرنٹنڈنٹ اور دیگر ذمہ داران سے سوال کیا کہ اتنے دنوں سے ان نعشوں سے متعلق خادمان ملت کو اطلاع کیوں نہیں دی گئی ‘ جس پر دوخانہ انتظامیہ اور پولیس عہدیداران نے کوئی تشفی بخش جواب نہیں دیا ۔ جبکہ ادارہ خادمان ملت کی جانب سے لاوارث مسلم نعشوں کی تدفین کا کام ایک مدت سے انجام دیا جا رہا ہے ۔ ادارہ کا فون نمبر سب کے پاس موجود ہے ۔ دواخانہ اور پولیس عہدیداروں کے پاس موجود تھا اس کے باوجود ہمیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی ۔ دواخانہ جو کہ اتنا بڑا ہے کہ جہاں پر 500 بستر موجود ہیں ۔ نعشوں کے لئے صرف ایک کمرہ وہ بھی صرف دو نعشوں کے رکھنے کی گنجائش والا ہے ۔ خادمان ملت نے مطالبہ کیا کہ دواخانہ میں ایک بڑا روم اور وہ بھی اے سی سے لیس ہوں جہاں وقت واحد میں 12 میتوں کو رکھنے کی گنجائش فراہم کی جائے۔ کیا مسلم نعشوں کے حصول کے لئے صبح سے شام تک دواخانہ کے چکر لگانے پڑیں گے ۔بعدازاں مسلم نعشوں کو لیکر مسلم طریقہ سے تدفین کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی گئی ۔ اس موقع پر مسعود خان بھی موجود تھے ۔