سرکاری دواخانہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے اقدامات

   

نظام آباد :12؍ فروری( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے سرکاری دواخانہ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کرتے ہوئے 100 سی سی کیمرہ نصب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اور ان کیمروں کو اپنے فون سے کنکٹ کیا ہے تاکہ 24 گھنٹے سرکاری دواخانہ میں ہونے والے واقعات کا راست طور پر مشاہدہ کرسکے ۔ واضح رہے کہ ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے جائزہ حاصل کرنے کے بعد شعبہ تعلیم ، طبی شعبہ کے فروغ کیلئے اولین ترجیح دینے کا ارادہ ظاہر کیا تھا اور اسکول و ہاسٹلس کا دورہ کرتے ہوئے اس کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنا شروع کیا تھا ۔ اسی طرح ایک عام آدمی کی طرح سرکاری دواخانہ پہنچ کر وارڈس کا اچانک معائنہ کرنا شروع کیا تو دواخانہ میں ہلچل پیدا ہوگئی تھی اور اس کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے سی سی کیمروں کو نصب کرنے کا فیصلہ کیا ۔ 6 سال دواخانہ میں 52 کیمروں کو نصب کیا گیا تھا ان میں 20 کیمرہ کام کررہے ہیں باقی کیمروں کو بھی کارآمد بنانے کے علاوہ جدید ٹکنالوجی سے آراستہ 100 کیمروں کو نصب کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اس بارے میں دریافت کرنے پر بتایا کہ جدید ٹکنالوجی سے آراستہ 100 سی سی کیمرہ نصب کئے جارہے ہیں ۔