مالدیپ کی پارلیمنٹ سے خطاب، صدر ابراہیم محمد صالح سے ملاقات، 6 معاہدوں پر دستخط، اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ سے نوازا گیا
مالے۔/8 جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان پر درپردہ تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مالدیپ پہنچ کر کہا کہ اسٹیٹ اسپانسرڈ( سرکاری سرپرستی والی )دہشت گردی دنیا کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے عالمی قائدین پر زور دیا کہ وہ اس لعنت کو ختم کرنے کیلئے متحد ہوجائیں۔ مالدیپ کی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان اور مالدیپ کے درمیان تعلقات تاریخ سے زیادہ قدیم ہیں۔ آج میں اس بات پر زور دینا چاہتا ہوں کہ ہر ایک ہندوستانی، آپ کے ساتھ مالدیپ میں جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لئے کھڑا ہے۔ دہشت گردی کسی ایک ملک کے لئے خطرہ ہے بلکہ یہ سارے معاشرہ کیلئے سنگین لعنت ہے۔ وزیر اعظم مودی نے صدر مالدیپ ابراہیم محمد صالح سے ملاقات کرتے ہوئے بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان 6 معاہدوں پر دستخط کئے اور اپنے خصوصی تعلقات و باہمی تعاون کے شعبوں جیسے دفاع اور بحری سیکورٹی کو بڑھانے پر زور دیا۔ مالدیپ کے سب سے اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ سے اُنھیں نوازا گیا وزیراعظم مودی نے صدر مالدیپ کو کرکٹ بیاٹ تحفہ میں دیا۔ وزیراعظم نریندر مودی کو مالدیپ کا اعلیٰ ترین ایوارڈ ’’نشان عزودین ‘‘ سے سرفراز کیا گیا ۔ مودی نے مالدیپ روانہ ہونے سے پہلے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ مالدیپ ہمارا پراعتماد ساتھی ہے اور دونوں ہی ملک تاریخی
اور ثقافتی طورپر ایک ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ گزشتہ کچھ وقت میں مالدیپ کے ساتھ ہمارے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ میرے دورہ سے ہمارے تعلقات مزید گہرے اور ٹھوس ہوں گے ۔ ہندستانی حکومت اس وقت مالدیپ کی کئی شعبوں میں حمایت اور تعاون کررہی ہے ۔ ہندستان مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم اور ساحل الرٹ راڈار نظام بنانے میں خصوصی طورپر مدد کررہا ہے ۔ مودی اور مالدیپ کے صدر صالح اس دوران مشترکہ طورپردفاعی تعاون سمجھوتہ کے تحت بنے ساحلی الرٹ راڈار نظام اور وسیع تربیتی مرکز (سی ٹی سی) کا افتتاح کریں گے ۔خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے نے جمعرات کو دہلی میں کہا کہ ساحلی الرٹ راڈار نظام اور سی ٹی سی دفاعی معاہدے کے تحت طریقہ کار کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ملک آپسی تعلقات کو بڑھانے کی سمت میں کام کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح کی ملک میں کھیل کی حالت بہتر کرنے کی دخواست کے بعد وزارت خارجہ ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے ساتھ مل کر مالدیپ میں کرکٹ کھلاڑیوں کو کرکٹ سکھانے کی سمت میں کام کررہا ہے ۔