حیدرآباد3جون(یواین آئی)اے پی کی حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس کو سپریم کورٹ نے ایک اور دھکہ پہنچایا ہے ۔ سرکاری دفاتر پر سے برسراقتدار پارٹی کے رنگ نکالنے کے سلسلہ میں آندھرا پردیش ہائی کورٹ کی جانب سے دیئے گئے فیصلہ کوسوال کرتے ہوئے ریاستی حکومت سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی تھی۔اس عرضی کی سماعت کرتے ہوئے عدالت عظمی نے اندرون چار ہفتے یہ رنگ نکالنے کی ہدایت دی ہے ۔بنچ نے واضح کیا کہ وائی ایس آرکانگریس کے پرچم کے رنگ اگر اندرون چار ہفتے سرکاری عمارتوں سے نہیں نکالے گئے تو وہ تحقیر عدالت کی کارروائی کرے گی۔عدالت نے یہ کہتے ہوئے حکومت کی جانب سے داخل کردہ عرضی کو مسترد کردیا کہ اس خصوص میں ریاستی ہائی کورٹ کی جانب سے فیصلہ واضح کیاگیا ہے ۔ہائیکورٹ کے فیصلہ کے باوجود رنگ نہ نکالنا غلط بات ہے ۔عدالت نے سوال کیا کہ اس سلسلہ میں ایک مرتبہ جاری کردہ سرکاری حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ سرکاری احکام کیوں جاری کئے گئے ؟ اس ضمن میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او623کو بھی عدالت نے منسوخ کردیا۔