اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ہی اپنے آپ کو تیار رکھنے کی ضرورت
حیدرآباد۔13مارچ(سیا ست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں طویل عرصہ بعد مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے اعلان پر کئی نوجوانوں نے امتحانات کی تربیت حاصل کرنی شروع کردی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے گروپI ‘گروپ II ‘ گروپ III کے علاوہ گروپ IV کی جائیدادوں پر تقررات کے ساتھ ساتھ ریاست کے مختلف محکمہ جات میں موجود مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے اقدامات کا اعلان روزگار کے متلاشی نوجوانوں کے علاوہ سرکاری ملازمت کے حصول کے لئے کوشش کرنے والے نوجوانوں کے لئے بہترین موقع ثابت ہوسکتا ہے اسی لئے نوجوانوں کو سرکار اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ہی تیاریوں کا آغاز کردینا چاہئے کیونکہ حکومت کی جانب سے مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کردی گئی ہے اور گروپ امتحانات کے سلسلہ میں بھی مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلا ت جاری کردی گئی ہیں۔ حکومت کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کے علاوہ امتحانات کی تحریر اور تقررات کے لئے ایک طویل مرحلہ درکار ہوگا لیکن حکومت کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی سرگرمیوں کا آغاز ہوجائے گا۔ ماہرین کا کہناہے کہ حکومت کی جانب سے کئے گئے اعلان کے بعد ریاست میں سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لئے کافی زیادہ مسابقت ہوگی لیکن اس کے باوجود بھی لاکھوں کی تعداد میں نوجوانوں کی جانب سے امتحانات تحریر کئے جانے کا امکان ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست بھر میں مختلف گوشوں کی جانب سے تربیت کی فراہمی کے اعلان کئے جانے لگے ہیں جن میں گزیٹیڈ آفیسرس اسوسیشن ‘ محکمہ پولیس اور دیگر محکمہ جات اور بعض مقامات پر ارکان اسمبلی کی جانب سے گروپ امتحانات کی تربیت کی فراہمی کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ شہر حیدرآباد کے علاوہ دیگر شہری اضلاع میں غیر سرکاری تنظیموں اور اداروں کی جانب سے بھی امتحانات کی تربیت کی فراہمی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کے فوری بعد کئی اور اداروں کی جانب سے مفت تربیت کی فراہمی کا عمل شروع کیا جائے گا۔ زائد از 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے علحدہ علحدہ اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور محکمہ جاتی امتحانات کے سلسلہ میں بھی تقررات کا عمل تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ ہی مکمل کیا جائے گا اسی لئے نوجوانوں کو اپنے طور پر امتحانات کی تیاری کے ساتھ ساتھ دستاویزات اکٹھا کرتے ہوئے تیاری کرنی چاہئے ۔m