شہر کے مختلف مراکز پر سیمپل کلکشن، چارمینار یونانی ہاسپٹل شامل
حیدرآباد۔ حکومت نے سرکاری لیباریٹریز میں کورونا ٹسٹوں کی تعداد میں تیزی پیدا کردی ہے۔ آئندہ چند دنوں میں توقع ہے کہ سرکاری لیباریٹریز میں حاصل کئے گئے سیمپلس 6 ہزار ہوجائیں گے۔ وباء سے متعلق ماہرین نے اعتماد کا اظہار کیا کہ ٹسٹوں کی تعداد میں اضافے سے مریضوں کی حقیقی تعداد کا پتہ چلے گا اور حکومت کو کورونا پر قابو پانے کے اقدامات میں مدد ملے گی۔ حکومت 5 اضلاع میں ٹسٹنگ سنٹرس کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے جس سے ریاست میں روزانہ ٹسٹ کی گنجائش 10 ہزار تک پہنچ جائے گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ فیور ہاسپٹل اور انسٹی ٹیوٹ آف پریونٹیو میڈیسن میں روزانہ 3 شفٹوں میں 2 ہزار 400 نمونے حاصل کرنے کی صلاحیت ہے۔ تمام سرکاری لیباریٹریز میں تربیت یافتہ مائیکرو بیالوجسٹس اور سائنٹسٹ کا تقرر کیا ہے۔ فیور ہاسپٹل میں RTPCR کے دو مشین ہیں اور حال ہی میں دو مشین نلگنڈہ اور نظام آباد سے فیور ہاسپٹل سے منتقل کئے گئے۔ عثمانیہ میڈیکل کالج لیباریٹری کے لیے ایک اور ایک ٹیکنیشن کا تقرر کیا گیا۔ پرنسپل عثمانیہ میڈیکل کالج نے بتایا کہ گزشتہ پانچ دنوں کے دوران بڑی تعداد میں سامپل حاصل کئے گئے۔ لباریٹری میں روزانہ 500 سامپلس حاصل کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ سرکاری لیباریٹریز میں مختلف سامپل کلکشن مراکز سے لعاب کے نمونے جمع کیئے جارہے ہیں۔ عوام ٹسٹ کے لیے بڑی تعداد میں رضاکارانہ طور پر رجوع ہورہے ہیں۔ کنگ کوٹھی ہاسپٹل میں روزانہ 100 تا 110 سامپلس حاصل کئے جارہے ہیں۔ بسا اوقات یہ تعداد 200 تک پہنچ رہی ہے۔ حیدرآباد میں حکومت نے سامپل کلکشن کے لیے جو مراکز قائم کئے ہیں ان میں ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کنگ کوٹھی، فیور ہاسپٹل نلا کنٹہ، چسٹ ہاسپٹل ایرا گڈا، نیچر کیور ہاسپٹل امیر پیٹ، سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل مہدی پٹنم، آیورویدا ہاسپٹل ایراگڈا، ہومیو پتی ہاسپٹل رامنتا پور، نظامیہ طبی کالج چارمینار، ایریا ہاسپٹل کونڈا پور، ایریا ہاسپٹل ونستھلی پورم، ای ایس آئی ہاسپٹل ناچارم اور ای ایس آئی ہاسپٹل سرور نگر شامل ہیں۔