سرکاری محکموں میں پرموشن کیلئے سرویس کی حد میں کمی

   

۔3 سال کے بجائے 2 سال، ترقی کا عمل جاریہ ماہ مکمل کیا جائے
حیدرآباد۔حکومت نے سرکاری محکمہ جات میں پرموشن یا تبادلہ کے ذریعہ تقرر کیلئے درکار ملازمت کی مدت کو 3 سال سے گھٹا کر 2 سال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سال 2020-21 میں ملازمین کے پرموشن کیلئے دو سال کی سرویس قابل عمل رہے گی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اس خصوص میں جی او ایم ایس 3 جاری کیا ہے۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ کے مختلف محکمہ جات میں کئی عہدے مخلوعہ ہیں اور حکومت نے پرموشن یا تبادلہ کے ذریعہ تقرر کرتے ہوئے اہل اور کوالیفائیڈ افراد کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئے قواعد کے مطابق پرموشن کیلئے سرویس کی اہلیت 3 سال سے گھٹاکر 2 سال کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرکاری محکمہ جات میں پرموشن کا عمل جاریہ ماہ مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ نئی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جاسکیں۔ چیف منسٹر نے کل ضلع کلکٹرس اور وزراء کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں تمام محکمہ جات کے سکریٹریز اور ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹس کیلئے احکامات جاری کئے۔ حکومت نے تمام ضلع کلکٹرس کو اپنے اضلاع میں پرموشن کا عمل جلد مکمل کرنے اور مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات حکومت کو روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ کے سی آر حکومت نے پی آر سی پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں توسیع کی جائے گی۔ ملازمین کی تنظیمیں پرموشن کیلئے درکار مدت میں کمی کی مانگ کررہی ہیں۔