سرکاری محکموں کے آؤٹ سورسنگ و کنٹراکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ

   

خدمات میں توسیع، ریگولر ملازمین کی کمی سے عارضی ملازمین کی خدمات
حیدرآباد۔/19 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مختلف محکمہ جات میں برسرکارکنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کی خدمات میں توسیع کا فیصلہ کیا ۔ کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کی میعاد جاریہ سال ستمبر میں ختم ہورہی تھی۔ حکومت نے سرکاری محکمہ جات میں ملازمین کی کمی اور کام کے بوجھ کو دیکھتے ہوئے عارضی ملازمین کی خدمات میں توسیع کا فیصلہ کیا اور انہیں مقررہ وقت پر اعزازیہ کی ادائیگی کے اقدامات جاری ہیں۔ عام طور پر شکایات ملی ہیں کہ آؤٹ سورسنگ و کنٹراکٹ ملازمین کو ماہانہ تنخواہیں مقررہ وقت پر ادا نہیں کی جارہی ہیں۔ محکمہ جات میڈیکل اینڈ ہیلت، پنچایت راج اور رورل ڈیولپمنٹ میں عارضی ملازمین کی تعداد چند ہزار بتائی جاتی ہے۔ تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی کہ عارضی ملازمین کی خدمات میں توسیع کرکے فائیل محکمہ فینانس کو منظوری کیلئے روانہ کریں ۔ 30 ستمبر سے قبل توسیع کے احکامات جاری کئے جائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی اہم محکمہ جات میں ریگولر ملازمین کی تعداد کم ہے لہذا عارضی ملازمین سے دفتری اُمور کی تکمیل کی جارہی ہے۔ حکومت نے کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کے ماہانہ اعزازیہ میں 30 فیصد اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ I ، II ، III زمرہ کے ملازمین کی ماہانہ تنخواہ علی الترتیب 15600 ، 19500 و 22750 روپئے ہوگی۔ جون سے اضافی تنخواہ پر عمل ہوگا جو جولائی سے ادا کی جائیگی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے عارضی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا تیقن دیا تھا جس کے بعد احکام کی اجرائی عمل میں آئی ہے ۔R