سرکاری محکمہ جات اور کارپوریشنوں میں تقررات کیلئے مقامی امیدواروں کو 95 فیصد تحفظات

   

50 ہزار جائیدادوں کیلئے عنقریب نوٹیفکیشن، نوجوانوں کی ناراضگی دور کرنے حکومت کی مساعی

حیدرآباد۔/20فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مختلف سرکاری محکمہ جات اور کارپوریشنوں میں تقررات سے قبل تمام سکریٹریز کو ہدایت دی ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام کارپوریشنوں، اداروں، بورڈز اور سوسائٹیوں میں 95 فیصد تحفظات مقامی افراد کیلئے مختص کئے جائیں۔ صدارتی حکمنامہ کے مطابق حکومت نے مقامی افراد کو تقررات میں ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے تمام سرکاری محکمہ جات کے سکریٹریز کو سرکولر جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ جونیر اسسٹنٹ سے ڈپٹی کلکٹر یا اس کے مماثل عہدہ تک راست تقررات میں 95 فیصد جائیدادیں مقامی امیدواروں سے پُر کی جائیں۔ تلنگانہ پبلک ایمپلائمنٹ آرڈر 2018 کی اجرائی کا مقصد سرکاری جائیدادوں میں مقامی نوجوانوں کو 95 فیصد نمائندگی دینا ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ مختلف کمپنیوں، کارپوریشنوں، سوسائٹیز اور اداروں میں راست تقررات کیلئے کسی قانون پر عمل کیا جائے۔ حکومت کے تحت آنے والے تمام اداروں میں یہ قانون نافذالعمل رہے گا۔ حکومت نے اس مسئلہ پر سکریٹریز سے 23 فروری تک رپورٹ طلب کی ہے۔ ر
واضح رہے کہ حکومت مختلف سرکاری محکمہ جات اور اداروں میں 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ سرکاری ملازمین کے علاوہ اساتذہ کے تقررات کا امکان ہے۔ حکومت نے پہلے مرحلہ میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے ہر محکمہ سے تفصیلات طلب کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پہلے مرحلہ کے تقررات کے سلسلہ میں عنقریب محکمہ جات کے سکریٹریز کے ساتھ اجلاس طلب کریں گے۔واضح رہے کہ تلنگانہ تحریک کے دوران کے سی آر نے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا۔ ر
گزشتہ 8 برسوں میں بڑے پیمانے پر تقررات میں ناکامی کے سبب بے روزگار نوجوانوں میں حکومت کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی طلباء تنظیموں اور کانگریس کی طلباء تنظیم نے تقررات کے حق میں باقاعدہ ایجی ٹیشن کا آغاز کیا ہے۔ حکومت تقررات میں مقامی امیدواروں کو ترجیح دیتے ہوئے نوجوانوں کی بے چینی اور ناراضگی دور کرنا چاہتی ہے۔ ر