بی سی کمیشن کا اجلاس، محکمہ برقی میں ملازمین کی شکایت کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بی سی کمیشن کا اجلاس صدرنشین جی نرنجن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیشن کے ارکان آر جیا پرکاش ، ٹی سریندر ، شریمتی آر بالا لکشمی کے علاوہ کمیشن کے ممبر سکریٹری شریمتی بالا مایا دیوی آئی اے ایس نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا اور سرکاری محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی تفصیلات پر بات چیت کی گئی ۔ کمیشن نے سرکاری محکمہ جات سے بی سی طبقہ کے ملازمین پر رپورٹ طلب کی ہے۔ کمیشن نے ایسے سرکاری محکمہ جات کے سکریٹریز کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا جنہوں نے ابھی تک ملازمین کی تفصیلات پیش نہیں کی ہیں۔ کمیشن نے سرکاری دفاتر میں بی سی سیل کے قیام کی سفارش کی ۔ کمیشن نے تلنگانہ کی بی سی لسٹ میں شامل کئے گئے 40 طبقات اور مرکزی حکومت کی او بی سی لسٹ میں عدم شمولیت کا جائزہ لیا۔ کمیشن کی جانب سے مرکزی وزیر سماجی انصاف ڈاکٹر ویریندر کمار کو مکتوب روانہ کیا گیا جس پر انہوں نے مرکز کے پاس اس معاملہ کے زیر غور ہونے کی اطلاع دی۔ بی سی کمیشن نے 40 طبقات کو مرکز کی او بی سی لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے۔ تلنگانہ الیکٹرسٹی بی سی ایمپلائیز ویلفیر اسوسی ایشن نے کمیشن کو یادداشت پیش کرتے ہوئے برقی تنظیموں میں تحفظات پر عمل آوری کی اپیل کی۔ محکمہ برقی کے بی سی ملازمین کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے کمیشن نے محکمہ سے رپورٹ طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کمیشن کی جانب سے برقی دفاتر کا دورہ کرتے ہوئے شکایات کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمیشن کے آفس میں اندرون ایک ماہ لائبریری قائم کی جائے گی۔1