کانگریس سماجی انصاف کی فراہمی کی پابند، اتم کمار ریڈی، دامودر راج نرسمہا اور پونم پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) ایس سی زمرہ بندی پر کابینی سب کمیٹی نے کہاکہ 2026 ء مردم شماری میں ایس سی طبقات کی آبادی میں اضافہ کی صورت میں ایس سی تحفظات میں بھی اضافہ ہوگا۔ زمرہ بندی کے حق میں جی او کی اجرائی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی، دامودر راج نرسمہا اور پونم پربھاکر نے کہاکہ سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست بن چکی ہے جس نے ایس سی طبقات کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ وزراء نے کہاکہ ایس سی زمرہ بندی کے لئے کمیشن نے ریاست کے مختلف اضلاع کا دورہ کیا اور 80 ہزار سے زائد نمائندگیاں وصول کرتے ہوئے حکومت کو سفارشات پیش کیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ذیلی طبقات کو انصاف کی فراہمی کے لئے 3 زمرہ جات کا تعین کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایس سی طبقات کی آبادی میں اضافہ کے بعد اُن کے تحفظات کے فیصد میں بھی اضافہ ممکن ہے۔ جسٹس شمیم اختر کمیشن نے 90 دن میں حکومت کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے 59 ذیلی طبقات کو 3 زمرہ جات میں تقسیم کرنے کی سفارش کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ میں تعلیم اور روزگار میں آج سے ایس سی زمرہ بندی پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق حکومتوں نے ایس سی زمرہ بندی پر توجہ نہیں دی اور اسمبلی میں محض قرارداد منظور کی گئی۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام سرکاری محکمہ جات میں تقررات نئی زمرہ بندی کے مطابق کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ 2026 ء میں نئی مردم شماری کی جائے گی جس کے تحت تحفظات کا تعین کیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کانگریس پارٹی سماجی انصاف کی فراہمی کے وعدہ پر قائم ہے اور بی سی طبقات کے لئے 42 فیصد تحفظات کا فیصلہ کیا گیا جسے مرکزی حکومت کی منظوری کا انتظار ہے۔1