سرکاری ملازمتوں کا حصول ، تیاری کے لیے علاقائی زبانوں کے ایپ متعارف

   

ایڈئیک نامی ایپ میں تلگو ، ہندی ، مراٹھی شامل ، اردو کو شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : نئے سال کے آغاز کے ساتھ نئی امید اور خواب کو پورا کرنے کی نئی کوشش بھی شروع ہوجاتی ہے اور خاص کر سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے کوشش کرنے والوں کے لیے نئی امیدیں بن رہی ہیں ۔ دونوں تلگو ریاستوں میں 20 لاکھ سے زیادہ ایسے طلبہ کی موجودگی کی رپورٹ ہے جو کہ سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے مختلف مسابقتی امتحانات کی تیاری میں مصروف ہیں جن میں تلنگانہ پنچایت سکریٹری ، ٹی ایس پی ایس سی بل کلکٹر ، ٹی ایس پی ایس سی آفیسر اور پروفیسر ، وی آر او ، آندھرا پردیش پنچایت سکریٹری وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔ علاوہ ازیں ہندوستان میں ہر سال 55 ملین افراد سرکاری حکومتوں کے لیے درخواستیں داخل کرتے ہیں ۔ سرکاری امتحانات کی تیاری کے لیے حکومت اور خانگی سطح پر آئے دن کئی ایک نئی اور عصری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور تربیتی مراکز بھی اپنی خدمات کو روز بروز ، نئے چیالنجز سے ہم آہنگ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے اور اب تو اسمارٹ فون کے زمانے میں کئی کمپنیاں نئے ایپس متعارف کررہے ہیں ۔ جس میں میڈگائیز نے سرکاری ملازمتوں کے حصول کی تیاری کے لیے علاقائی زبانوں میں مواد کی دستیابی اور مشق کے ذرائع فراہم کردئیے ہیں ۔ اس ایپ میں تلگو ، ہندی ، مراٹھی ، کنڑا اور انگریزی میں امتحانات کی تیاری کی تمام تر سہولیات فراہم کردی گئی ہیں ۔ یہاں اردو داں طبقے کے ماہرین اور طلبہ کو اس اہمیت کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ اس طرح کے ایپ میں اردو زبان کو بھی شامل کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ اردو والوں کے لیے سرکاری ملازمتوں کے حصول میں آسانی ہوسکے ۔ خواہش مند طلبہ یہ ایپ گوگل اسٹور یا گوگل سے ’ میڈگائیز ایپ ‘ ٹائپ کرتے ہوئے حاصل کرسکتے ہیں ۔۔