تین افراد بشمول خاتون گرفتار، ٹاسک فورس نارتھ زون پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) سرکاری ملازمت کا جھانسہ دیکر بیروزگار نوجوانوں کو لوٹنے والی ایک ٹولی کو کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے بے نقاب کردیا اور تین افراد بشمول خاتون کو گرفتار کرلیا جس میں اصل سرغنہ پنچایت راج ڈپارٹمنٹ کا معطل شدہ ملازم بتایا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 42 سالہ اے راج کمار ساکن ملگ ضلع ورنگل، 47 سالہ اے ویرامنی ساکن تانڈور وقارآباد اور 33 سالہ سی پنڈو ساکن بڑنگ پیٹ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 8 لاکھ 85 ہزار روپئے نقد رقم، تین سیل فون، فرضی دستاویزات، نقلی پونمنٹ لیٹرس و دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ اس ٹولی کے خلاف پنجہ گٹہ اور میرپیٹ پولیس میں مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ راج کمار نے ویرامنی اور پنڈو کے ساتھ مل کر منصوبہ تیار کیا جو بیروزگار نوجوانوں کو نشانہ بناتے تھے۔ پنچایت راج محکمہ میں ملازمت کا جھانسہ دیکر انہیں طلب کیا جاتا تھا اور راج کمار جو معطل شدہ سپرنٹنڈنٹ پنچایت راج تھا وہ ان امیدواروں کو ایرم منزل کے دفتر طلب کرتا تھا اور انہیں آفس لیجاکر انہیں اس بات کا یقین دلایا کرتا تھا کہ ان کی ملازمت یقینی ہے پھر انہیں پارکنگ میں انتظار کروانے کے بعد اعلیٰ عہدیدار کی ہدایت کا حوالہ دیکر رقم حاصل کرلی جاتی تھی اور انہیں فرضی اپائنمنٹ لیٹر حوالے کردیئے جاتے تھے۔ یہ ٹولی فی امیدوار 5 تا 10 لاکھ روپئے وصول کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق تقریباً 25 بیروزگار نوجوانوں سے اس ٹولی نے ایک کروڑ 27 لاکھ روپئے وصول کئے۔ ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ مزید تحقیقات کیلئے اس ٹولی کو پنجہ گٹہ پولیس کے حوالے کردیا۔ع