الاؤنس اور قرض کی رقم میں اضافہ، مکانات اور شادیوں کیلئے اضافی قرض کو منظوری
حیدرآباد ۔23۔ جون (سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کو ایک نئی خوشخبری سنائی ہے۔ محکہ جات کی سطح پر ملازمین اور پنشنرس کو دیئے جانے والے الاؤنس کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پنشنرس اور سرکاری ملازمین کے موجودہ الاؤنس میں اضافہ کا فیصلہ کیا جس کے مطابق محکمہ فینانس کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ۔ سفری الاؤنس ، تعطیلات کے ایام کی ادائیگی ، مکانات کی تعمیر کیلئے قرض اور دیگر امور کے لئے حکومت نے موجودہ رقومات میں اضافہ کیا ہے ۔ جی او کے مطابق سفری الاؤنس اور کنوینینس الاؤنس کو بڑھاکر 30 فیصد کیا گیا۔ تبادلہ پر جانے والے ملازمین کو ٹرانسپورٹ الاؤنس کے طور پر 30 فیصد ادا کیا جائے گا۔ تعطیلات میں کام کرنے والے لفٹ آپریٹرس اور ڈرائیورس اضافی طور پر 150 روپئے کی ادائیگی قبائلی علاقوں میں کام کرنے والے ملازمین کے لئے 30 فیصد خصوصی الاونس ، معذور ملازمین کیلئے کنوینینس الاؤنس کو 2000 روپئے سے بڑھاکر 3000 کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مکان کی تعمیر کے لئے ملازمین کو قرض کی رقم 20 لاکھ سے بڑھاکر 30 لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کار کی خریدی کے لئے قرض کی گنجائش 6 لاکھ سے بڑھاکر 9 لاکھ روپئے کی گئی ۔ موٹر سیکل کی خریدی کے لئے قرض کو 80 ہزار سے بڑھاکر ایک لاکھ کردیا گیا۔ ملازمین کے بچوں کی شادی کے سلسلہ میں بھی قرض کی رقم میں اضافہ کیا گیا ۔ دختر کی شادی پر قرض ایک لاکھ سے بڑھاکر چار لاکھ کیا گیا جبکہ فرض کی شادی کے لئے قرض کی رقم 75000 سے بڑھاکر 3 لاکھ کی گئی ہے۔ اسٹیٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے ملازمین کے لئے 30 فیصد انسینٹیو کا فیصلہ کیا گیا۔ گرے ہانڈس ، انٹیلیجنس ، ٹریفک ، سی آئی ڈی اور آکٹوپس اور اینٹی نکسلائیٹس اسکواڈ میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے لئے پولیس ملازمین کی طرح 2020 ء سے نافذ خصوصی الاؤنس کا فیصلہ کیا گیا ۔ پنشنرس کی وفات کی صورت میں فوری طور پر امداد کو 20 ہزار سے بڑھاکر 30 ہزار کیا گیا ہے۔ پروٹوکول ڈپارٹمنٹ کے تحت کام کرنے والے ملازمین کیلئے 15 فیصد اسپیشل پے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ دنوں سرکاری ملازمین اور پنشنرس کے لئے ڈی اے میں 2.73 کا اضافہ کیا تھا۔ر