سرکاری ملازمین و اساتذہ کو عبوری راحت فراہم کرنے پر زور

   

ساوتری بائی پھولے کی آج یوم پیدائش تقریب ، ٹی ایس یو ٹی ایف قائدین کا بیان
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ ریاستی یونائٹیڈ ٹیچرس فیڈریشن ( ٹی ایس یو ٹی ایف ) نے ریاستی سرکاری ملازمین ، اساتذہ اور ورکرس کو فی الفور 43 فیصد عبوری راحت ( انٹریم ریلیف ) فراہم کرنے کے لیے تلنگانہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مطالبہ کیا اور ساتھ ہی ساتھ کانٹری بیوٹری پنشن اسکیم ( سی پی ایس ) کے طریقہ کار کو ختم کر کے سابقہ پنشن کے طریقہ کار کو بحال کر کے جاری رکھنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ مسٹر سی روی جنرل سکریٹری فیڈریشن نے یہ بات کہی اور بتایا کہ فیڈریشن کی سہ روزہ ضلع کھمم میں سالانہ کانفرنس کے اختتام پر گذشتہ دن منظورہ قرار دادوں سے واقف کروایا ۔ اور کہا کہ اسکولی تعلیمی شعبہ میں مناسب اصلاحات پر عمل آوری کے لیے طلباء کے والدین کی شراکت داری کے ذریعہ دیہی تعلیمی کانفرنسوں کا انعقاد عمل میں لانے ، نصابی کتب تدریسی نصاب ، سی سی ای و دیگر موضوعات کا مکمل جائزہ و تجزیہ کر کے پائی جانے والی خامیوں و نقائص کی ترمیمات کرنے کے لیے قرار دادیں منظور کی گئیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران مسٹر سی ایچ راملو صدر تلنگانہ ریاستی یونائٹیڈ ٹیچرس فیڈریشن اور کنوینر مسٹر وینکٹ نے متعدد رپورٹس پیش کئے اور کہا کہ اساتذہ کے مشترکہ سرویس رولس کے دیرینہ حل طلب مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی کے لیے حکومت سے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ مسٹر روی نے بتایا کہ کانفرنس میں 25 فیصد خاتون اساتذہ نے شرکت کیں اور اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے 90 فیصد اساتذہ درج فہرست اقوام و قبائل ، پسماندہ اور اقلیتی طبقات سے تعلق رکھتے ہیں ۔ اس موقعہ پر فیڈریشن کی نائب صدر شریمتی درگا بھوانی نے ساوتری بائی پھولے جینتی جو کہ 3 جنوری کو منائی جائے گی ۔ اس دن عالمی یوم خواتین کے طور پر اعلان کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ قومی قائد مسٹر بی وینکٹ نے فیڈریشن کی کارکردگی میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرتے ہوئے یو ٹی ایف کی کارکردگی کو مزید موثر و فعال بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ۔ ریاستی کانفرنس کے اختتام پر فیڈریشن کی 135 رکنی نئی ریاستی عاملہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا ۔ مسرس سی ایچ راملو اور سی روی کا بحیثیت صدر اور جنرل سکریٹری دوبارہ متفقہ طور پر انتخاب عمل میں لایا گیا ۔ نو منتخبہ صدر اور جنرل سکریٹری مسٹر راملو اور روی نے ریاستی حکومت تلنگانہ سے ریاست کے تمام سرکاری ملازمین و اساتذہ اور ورکرس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ یکسوئی میں کسی تاخیر کے بغیر موثر اقدامات کرنے کا ریاستی تلنگانہ حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ۔۔