سرکاری ملازمین پر حملہ کے الزام میں سابق کارپوریٹر کا فرزند گرفتار

   

عدالت نے 14 دن کی تحویل میں بھیج دیا ۔ ایم ایل سی اور سابق کارپوریٹر بھی مطلوب

حیدرآباد : /5 اپریل (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی سے فٹ پاتھ پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے دوران پرانے شہر کے مرغی چوک کے قریب پولیس اور جی ایچ ایم سی حکام پر حملہ اور انہیں ڈیوٹی انجام دینے سے روکنے کے کیس میں پولیس حسینی علم نے سابقہ کارپور یٹر غوث کے بیٹے ساحل اکبر کو گرفتار کرلیا جبکہ دیگر ملزمین بشمول رکن کونسل مرزا رحمت بیگ کی پولیس کو تلاش ہے ۔ /4 اپریل کو شہر کے مختلف علاقوں میں جی ایچ ایم سی نے بڑے پیمانہ پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی کی خصوصی مہم چلائی تھی جس میں پٹیل مارکٹ ، مرغی چوک ، گوشہ محل ، پرانا پل و دیگر علاقوں میں انہدامی کارروائی کی گئی تھی ۔ بلدی ٹیم انہدامی کارروائی کیلئے چوک پہنچنے پر سابقہ مجلسی کارپوریٹر محمد غوث ‘ ان کے بیٹے ساحل اکبر ، مرزا رحمت بیگ رکن کونسل اور دیگر نے ایک گروپ کی شکل میں پولیس پر حملہ کردیا اور انہدامی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی ۔ اس واقعہ میں حسینی علم پولیس سے وابستہ کانسٹبل دھیرج تیواری کا ہاتھ فریکچر ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق حسینی علم پولیس اسٹیشن پیٹرو کار ۔ 1 سے وابستہ کانسٹبل دھیرج تیواری اپنی ٹیم کے ہمراہ اے سی پی چارمینار کی ہدایت پر انہدامی کارروائی کیلئے جی ایچ ایم سی حکام کے تحفظ کیلئے وہاں پہنچے تھے ۔ جہاں پر اچانک ساحل ، غوث ، رحمت بیگ اور دیگر نے ان پر حملہ کردیا ۔ کانسٹبل نے مذکورہ افراد کو روکنے کی کوشش کی لیکن ملزمین نے پولیس کو ان کی ڈیوٹی انجام دینے میں رکاوٹ پیدا کی اور دھمکایا ۔ کانسٹبل نے اپنی شکایت میں بتایا کہ انہدامی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرکے ساحل اکبر اور دیگر نے ڈیوٹی انجام دینے سے رکاوٹ پیدا کرنے ‘ ان کی وردی پر بھی ہاتھ ڈالا اور زدوکوب کرکے اسے دھکا دیا ۔ جس کے نتیجہ میں پولیس کانسٹبل کا ہاتھ فریکچر ہوگیا ۔ پولیس ملازمین کو گالی گلوچ بھی کی گئی ۔ انہدامی کارروائی کے دوران جی ایچ ایم سی اور پولیس ملازمین پر حملہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے پر پولیس نے ایم ایل سی مرزا رحمت بیگ ، سابقہ کارپورٹر محمد غوث اور ان کے بیٹے ساحل اکبر اور دیگر کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) کے 13 دفعات 129 ، 130 ، 132 ، 189 ، 190 ، 191(2) ، 121(2) ، 221 ، 351(2) ، 352 ، 270 ، 45 ، اور 49 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔ اس کارروائی میں پولیس نے ساحل کو اتوار کو گرفتار کرکے 12 ویں ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹین مجسٹریٹ کے اجلاس پر پیش کیا گیا جہاں سے ملزم کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ۔ اس کیس میں ایم ایل سی مرزا رحمت بیگ ، سابق کارپوریٹر محمد غوث اور دیگر کی پولیس کو تلاش ہے ۔ اس دوران کمشنر سٹی پولیس مسٹر وی سی سجنار نے سرکاری عملہ کو کام کاج میں رکاوٹ پیدا کرنے کے خلاف سخت انتباہ دیا ہے اور کہا کہ ایسا کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ب/ y k/