حیدرآباد۔سرکاری ملازمین بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ تعاون کریں یا اپنے یونین قائدین کے خلاف مرکزی ایجنسیوں کے ذریعہ تحقیقات کیلئے تیار رہیں۔ریاستی صدر بی جے پی بنڈی سنجے نے ریاست تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو تلنگانہ راشٹرسمیتی کی مدد کرنے اور حکومت کے خلاف کسی بھی طرح کے احتجاج اور مخالفت کو کچلنے کی کوشش کے خلاف سخت انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر ریاست کے سرکاری ملازمین کی جانب سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے مخالف حکومت احتجاج یا جدوجہد کو روکنے کی کوشش کی جا تی ہے تو ایسے میں سرکاری ملازمین بالخصوص یونین قائدین کو اپنے بدعنوانیوں کے خلاف تحقیقات کے لئے تیار رہنا چاہئے ۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی حکومت کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرچکی ہے اور جمہوری انداز میں حکومت کو جوابدہ بنانے کی کوشش کرے گی لیکن اگر کوئی سرکاری محکمہ بالخصوص پولیس کی جانب سے بی جے پی کی جمہوری جدوجہد میں رکاوٹ پیدا کی جاتی ہے تو مرکزی اداروں کے ذریعہ تحقیقات کا سامنا کرنے لئے عہدیداروں کو تیار رہنا چاہئے ۔بنڈی سنجے نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت سرکاری محکمہ جات اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ مل کر اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور بی جے پی کی جانب سے اس طرح کی کوششوں کی سخت مذمت کی جاتی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ بہت جلد بھارتیہ جنتا پارٹی ریاستی حکومت کے خلاف ریاست گیر سطح پر بڑے پیمانے پر احتجاج کا آغاز کرے گی اور اگر اس دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ ریاستی صدر بی جے پی نے بتایاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی آئندہ دنوں کے دوران منڈل‘ ضلع اور ریاستی سطح پر سرکاری ملازمین‘ کسانوں‘اساتذہ اور دیگر کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کا آغاز کرے گی اور اس دوران ریاستی حکومت کی ناکامیوں اور وعدہ خلافی کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریاست تلنگانہ میں چلائی جانے والی اسکیم رعیتو بندھو کو تمام کسانوں تک وسعت دینی چاہئے اور ان سے 2500 روپئے فی کنٹل کے اعتبار سے دھان کی خریدی کو یقینی بنانے کے علاوہ زمین کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے کھیتی و کاشتکاری کرنے والوں کو بھی رعیتو بندھو اسکیم سے استفادہ کرنے کی سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
محمد علی جوہر کی یوم پیدائش آج سمپوزیم و مشاعرہ
حیدرآباد : مولانا محمد علی جواہر اکیڈیمی کے زیراہتمام 10 ڈسمبر کو 6بجے شام اردو گھر مغلپورہ میں مجاہد آزادی مولانا محمد علی جوہر کی یوم پیدائشکے موقع پر اکیڈیمی ہذا کا سمپوزیم و مشاعرہ منعقد ہوگا جس کا افتتاح محمد محمود علی وزیر داخلہ کریں گے جبکہ جناب محمد عبدالرحیم خان سمپوزیم کی صدارت کریں گے ۔ ڈاکٹر محمد غوث سکریٹری / ڈائرکٹر تلنگانہ اردو اکیڈیمی مہمان خصوصی ہوں گے ۔ مہمانان اعزازی کی حیثیت سے جناب عثمان شہید ، پروفیسر مجید بیدار ، ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد ، پروفیسر فضل اللہ مکرم ، ڈاکٹر ناظم علی ، میر لیاقت علی ہاشمی ، ڈاکٹر م۔ق۔سلیم اور ڈاکٹر حمیرہ تسنیم شرکت کریں گے ۔