سکریٹریٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کی کارکردگی کا مظاہرہ، چیف سکریٹری نے بھی بُکنگ کی، حیدرآباد کو آلودگی سے پاک بنانے پونم پربھاکر کا عزم
حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے شہری علاقوں میں آلودگی پر قابو پانے کے لئے الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے تحت سرکاری ملازمین کو الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی ترغیب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی کے ہمراہ سکریٹریٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ الیکٹرک بائیکس کے استعمال کے لئے سرکاری ملازمین کو ترغیب دینے سے قبل کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ کمپنی کی جانب سے سرکاری ملازمین کو قیمت میں 10 تا 20 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے الیکٹرک وہیکل پالیسی تیار کی ہے جس کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے لئے کئی رعایتوں کا اعلان کیا گیا۔ ملازمین کی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی الیکٹرک گاڑیوں کا معائنہ کیا اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ حیدرآباد کو آلودگی سے پاک شہر بنانے کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الیکٹرک وہیکل پالیسی پر مؤثر عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ پالیسی کے تحت روڈ ٹیکس اور رجسٹریشن ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ٹیکسوں میں استثنیٰ کے نتیجہ میں حکومت پر تقریباً 1000 کروڑ کا بوجھ عائد ہوگا۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ حکومت کی جانب سے رعایتوں کے اعلان کے بعد سے حیدرآباد میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کو تیار کرنے والی کمپنیوں نے بھی ملازمین کو رعایت دینے سے اتفاق کیا ہے۔ سرکاری اداروں کی جانب سے گاڑیوں کی خریدی یا کرایہ پر حاصل کرنے کے معاملہ میں الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کے لئے مختلف علاقوں میں چارجنگ سنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ کمپنی نے سرکاری ملازمین کو 10 تا 20 فیصد ڈسکاؤنٹ سے اتفاق کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ الیکٹرک گاڑیوں کی سربراہی کے لئے مہندرا الیکٹرکس، آدھر انرجی اور گراویٹی موٹرس اور دیگر کمپنیوں نے پیشکش کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں حکومت نے ڈیزل بس اور آٹو کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد میں آر ٹی سی کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا۔ حکومت کے ادارہ ریڈ کو کی جانب سے ای وی چارجنگ اسٹیشن قائم کئے جارہے ہیں۔ عوامی نمائندوں کو ترغیب دی جارہی ہے کہ وہ بھی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو ترجیح دیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں سرکاری ملازمین کے سربراہ کے طور پر چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور ملازمین کی تنظیموں کے قائدین کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کی بُکنگ کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 15 سال قدیم گاڑیوں کے استعمال کو روکنے کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ میں کئی اصلاحی قدم اُٹھائے گئے۔ واہن پورٹل کے ذریعہ گاڑیوں کے آن لائن رجسٹریشن کی راہ ہموار کی گئی۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے کہاکہ حیدرآباد کو آلودگی سے پاک شہر بنانے میں حکومت سنجیدہ ہے۔ کیور زون کے تحت 2 ہزار کیلو میٹر کے حدود کو آلودگی سے پاک بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کو دہلی اور دیگر شہروں کی صورتحال سے بچانے کی تیاری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد میں ریاست کی 30 فیصد آبادی قیام کرتی ہے، ایسے میں شہر کو آلودگی سے پاک بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ خانگی ملازمین کو بھی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کے ذریعہ آلودگی پر قابو پانے میں اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔1