حیدرآباد : آندھراپردیش حکومت نے رمضان المبارک کے دوران مسلم سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل دفتر سے روانگی کی اجازت دی ہے۔ پرنسپل سکریٹری پروین پرکاش کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق مسلم ملازمین بشمول ٹیچرس کے علاوہ کنٹراکٹ، آؤٹ سورسنگ، وارڈ اور ولیج والینٹرس، وارڈ سکریٹریز اور ولیج سکریٹریز کو دفاتر اور اسکولوں سے ایک گھنٹہ قبل واپسی کی اجازت رہے گی۔ 14 اپریل تا 13 مئی رمضان المبارک کے دوران عبادتوں کے اہتمام کے لئے حکومت نے یہ اجازت دی ہے۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے اگرچہ احکامات جاری نہیں کئے گئے تاہم باوثوق ذرائع کے مطابق منگل کے دن باقاعدہ جی او جاری کیا جائے گا۔ سرکاری ملازمین اور اساتذہ کو دفاتر سے ایک گھنٹہ قبل گھر جانے کی اجازت رہے گی۔