زیر التواء بلز کے تحت 713 کروڑ کی اجرائی: بھٹی وکرمارکا
حیدرآباد ۔ 31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سال نو کے موقع پر تلنگانہ حکومت نے ملازمین کو بطور تحفہ 713 کروڑ کے زیر التواء بلز جاری کردیئے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے سرکاری ملازمین کے ماہ ڈسمبر سے متعلق زیر التواء بلز کے تحت 713 کروڑ جاری کرنے محکمہ فینانس کو ہدایت دی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی ہدایت کے فوری بعد محکمہ فینانس نے 713 کروڑ جاری کردیئے ۔ واضح رہے کہ حکومت نے سرکاری ملازمین کے بقایہ جات اور زیر التواء بلز کی اجرائی کے سلسلہ میں ملازمین کی تنظیموں کو تیقن دیا تھا کہ ہر ماہ 700 کروڑ جاری کئے جائیں گے ۔ جون کے اختتام تک 183 کروڑ جاری کئے گئے تھے جس کے بعد اگست سے ہر ماہ 700 کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے۔ سرکاری ملازمین کے زیر التواء بلز میں گریجویٹی ، جی پی ایف ، سرینڈر لیو ان کیاشمنٹ اور قرضہ جات شامل ہیں۔ سال نو کے آغاز پر بھٹی وکرمارکا نے ملازمین سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے 713 کروڑ کی اجرائی کو یقینی بنایا ہے۔حکومت نے اکتوبر میں 712 کروڑ جبکہ نومبر میں 707.30 کروڑ جاری کئے تھے ۔ حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کے زیر التواء بلز کی اجرائی کے ذریعہ میڈیکل ری ایمبرسمنٹ اور دیگر بقایہ جات کی یکسوئی کردی ہے۔1
